
سوشل میڈیا سے شہرت پانے والے چاہت فتح علی خان نے دعویٰ کیا ہے کہ بشریٰ انصاری کو ایسا لگتا ہے کہ میں ان کی جگہ لے رہا ہوں۔
تفصیلات کے مطابق مزاحیہ گلوکار اور سوشل میڈیا سے وائرل ہونے والے چاہت فتح علی خان نے اپنے بارے میں سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری کی تنقید سے متعلق بیان پرردعمل دیدیا ہے۔
جیو نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے چاہت فتح علی خان نے اپنے اوپر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بشریٰ انصاری کو ایسا لگتا ہے کہ میں ان کی جگہ لے رہا ہوں، حقیقت میں ایسا نہیں ہے، میں بچپن سے انہیں دیکھتا آرہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پہلے تو صرف بڑے بڑے سنگرز ہی میرے خلاف بولتے تھے ، میں حیران تھا کہ یہ کیوں بولتے ہیں، مگر اب تو ہماری بشریٰ باجی نے بھی بولنا شروع کردیا ہے، بشریٰ باجی تب سے کام کررہی ہیں جب میں بچہ تھا، انہوں نے کامیڈی سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا ، انہوں نے لوگوں کی نقلیں اتاریں، کیا انہیں یاد نہیں؟
چاہت فتح علی خان بولے کہ میں خود گانے لکھتا اور گاتا ہوں اور یہی میری وجہ شہرت ہے ، میں ان گانوں کا ایسا میوزک ٹریک کرتا ہوں کہ لوگ اس گانے کو سنتے ہوئے انجوائے کرسکیں، بشریٰ انصاری نے بھی بہت سے ایسے مزاحیہ گیت گائے ہیں مگر شائد اب انہیں لگتا ہے کہ میں ان کی جگہ لے رہا ہوں۔
سوشل میڈیا اسٹار نے کہا کہ ایسا ہرگز نہیں ہے اگر وہ چاہیں تو میں ان کے ساتھ بھی ایک گاناگانے کیلئے تیار ہوں۔
خیال رہے کہ بشریٰ انصاری نے چند روز قبل جیو نیوز کے ہی ایک پروگرام میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے چاہت فتح علی خان کی گلوکاری کو استحصال قرار دیا تھا اور کہا کہ ایسی چیزوں کو وائرل کرنے والے لوگوں کی ذہنیت پر افسوس ہوتا ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/13chahatahhsbususuansar.png