
راجن پور کی تحصیل جام پور کے قریب بھکر سے کراچی جانے والی بس میں کنڈکٹر کی 30 سالہ خاتون سے زیادتی، ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق راجن پور کی تحصیل جام پور کے قریب بھکر سے کراچی جانے والی بس میں کنڈکٹر نے 30 سالہ شازیہ نامی خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنایا، پولیس نے واقعے کی تصدیق
کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ خاتون کے بس سے نہ اترنے پر ایک مسافر نے شک کی بناء پر بس کے اندر جاکر دیکھا اور کنڈکٹر کو زیادتی کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق 30 سالہ شازیہ نامی خاتون مسافر بس میں بھکر سے کراچی کیلئے اکیلے سفر کر رہی تھی۔ بس میں سوار دیگر چھ مسافر اتر کر ہوٹل چلے گئے جبکہ خاتون بس میں ہی موجود رہی تو خاتون کو اکیلے بس میں دیکھ کر کنڈیکٹر سلیم نے زیادتی کا نشانہ بنایا۔‘ خاتون کی شکایت پر بس کنڈکٹر کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ میڈیکل ٹیسٹ میں خاتون سے زیادتی ثابت ہوگئی ہے اور ملزم نے اعتراف جرم بھی کر لیا ہے۔
وزیراعلٰی پنجاب حمزہ شہباز نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملوث شخص کے خلاف کارروائی کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔
واضح رہے کہ دوران سفر خواتین کے ساتھ زیادتی کے واقعات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، گذشتہ ماہ زکریا ایکسپریس میں ملتان سے کراچی جاتے ہوئے ایک خاتون کا ٹرین میں گینگ ریپ کیا گیا تھا۔ زکریا ایکسپریس ایک نجی کمپنی کے تحت چلتی ہے اور ریپ میں اسی ٹرین کے تین ملازمین شامل تھے جنہیں گرفتار کرکے میڈیکل ٹیسٹ کروانے پر زیادتی کی تصدیق ہوئی تھی، ملزمان کے خلاف کارروائی جاری ہے۔