
وزیراعلی پنجاب کی پالیسیوں اور کارکردگی سے ناراض ایک نئے گروپ کی جہانگیر خان ترین سے ملاقات کی خبریں سامنے آنا شروع ہوگئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایک طرف جہاں اپوزیشن حکومت کے خلاف قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد لانےکی تیاریوں میں مصروف ہے وہیں دوسری جانب پنجاب میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کیلئے ایک نئی پریشانی نے سر اٹھالیا ہے۔
خبررساں ادارے اے آروائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پنجاب اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے چند اراکین پر مشتمل ایک نیا گروپ سامنے آیا ہے جنہوں نے وزیراعلی عثمان بزدار کی پالیسیوں اور کارکردگی کے خلاف علم بغاوت بلند کردیا ہے،
https://twitter.com/x/status/1500421617389764608
ان ارکان نے صوبے میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت گرا نے کیلئے فیصلہ کن کردار ادا کرنے پر غور بھی شروع کردیا ہے۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ تقریبا 2درجن ارکان پر مشتمل اس گروپ کی جانب سے تحریک انصاف کے ناراض رہنما جہانگیر ترین سے ملاقات کی تیاریاں بھی کی جارہی ہیں۔
ناراض اراکین پر مشتمل اس نئے گروپ کا کہنا ہے کہ عثمان بزدار صوبے کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہے ہیں لہذا اب ہمیں کوئی قدم اٹھانا ہوگا، اگر حکومت نے مسائل پر توجہ نہ دی تو پھر نوبت عدم اعتماد تک بھی جاسکتی ہے۔
واضح رہے کہ اپوزیشن کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے ناراض رہنما جہانگیر ترین سے مسلسل رابطے کیے جارہے ہیں، لندن میں مقیم جہانگیر خان ترین خود تو پارلیمنٹ کا حصہ نہیں ہیں مگر پارلیمنٹ کے درجنوں اراکین ان کے ناراض گروپ کا حصہ ہیں جن کی حمایت کیلئے اپوزیشن تگ ودو کررہی ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/buzdh11i1h212.jpg