برطانیہ میں مسلم مخالف ہنگاموں میں تیزی آگئی ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ہنگاموں کے دوران 250 سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں تین لڑکیوں کو چاقو مار کر قتل کیےجانے کا معاملہ ایک سنگین شکل اختیار کرگیا ہے، واقعہ کے بعد بیلفاسٹ اور بلیک پول میں دائیں بازو کی جماعتوں کے حامیوں نے ہنگامہ آری شروع کردی جبکہ اس دوران کچھ مشتعل مظاہرین نے ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں گھسنے کی کوشش کی۔
ہنگاموں کے دوران مانچسٹر، لیورپول، ہل، برسٹل، اسٹول آن ٹرینٹ میں بھی ہنگامے دیکھنے کو ملے، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے مختلف شہروں میں کارروائیاں کیں اور اس دوران 250 سے زائد افراد کو گرفتار کیا۔
خیال رہے کہ چند روز قبل برطانیہ میں لیور پول کے قریب ساؤتھ پورٹ کے علاقےمیں ایک 17 سالہ چاقو بردار حملہ آور نے یوگا اور ڈانس کلاس کے دوران لڑکیوں پر حملہ کیا اور کلاس میں شریک نوجوان لڑکیوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی،اس دوران6 بچیوں اور 2 بچوں سمیت 11 افراد زخمی ہوئے،زخمیوں میں 8 افرا دکی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔
واقعہ کے بعد برطانیہ کے مختلف علاقوں میں پولیس کے خلاف نفرت اپنے عروج تک پہنچ چکی ہے اور مختلف شہروں میں پولیس مخالف مظاہرے شروع ہوگئے ہیں۔