برطانیہ میں جعلی خبر کے بعد فسادات کا معاملہ،فرحان آصف مقدمےسےڈسچارج

3farhaasifdischarge.png


لاہور کی ایک مقامی عدالت نے جعلی خبر کے نشر ہونے پر برطانیہ میں ہونے والے فسادات سے متعلق کیس میں ملزم فرحان آصف کو مقدمے سے ڈسچارج کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کی ضلع کچہری میں فیک نیوز پر فسادات سے متعلق کیس پر سماعت ہوئی، دوران سماعت وفاقی تحقیقاتی ایجنسی(ایف آئی اے) کے تفتیشی افسر عدالت میں پیش ہوئے اور عدالت کو بتایا کہ دوران تفتیش ملزم سے کوئی چیز سامنے نہیں آئی۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم سے تفتیش کے دوران کوئی ریکوری نہیں ہوئی، مذکورہ خبر پہلے سے شیئر ہورہی تھی فرحان آصف نے اسی خبر کو آگے شیئر کردیا۔


عدالت نے استفسار کیا کہ ملزم نے کب اس خبر کو شیئر کیا اور کب ڈیلیٹ کیا؟ فرحان آصف نے جواب دیا کہ میں نے خبر شائع ہونے کے 6 گھنٹے بعد اس کو ڈیلیٹ کردیا تھا۔

تفتیشی افسر نے فرحان آصف کو مقدمے سے ڈسچارج کرنے کی استدعا کی جس کو منظور کرتے ہوئے عدالت نے فرحان آصف کو مقدمے سے ڈسچارج کردیا گیا جس کے بعد کمرہ عدالت میں ملزم کی ہتھکڑی کھول دی گئی۔

خیال رہے کہ ایف آئی اے نے برطانیہ میں چاقو زنی کے واقعہ کے حوالےسے پاکستان سے آپریٹ ہونے والی ایک ویب سائٹ پر جعلی خبر شائع ہونے کے بعد فسادات برپا ہونے پر ویب سائٹ آپریٹ کرنے والے فری لانسر فرحان آصف کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کیا تھا۔
 

Back
Top