
برطانوی اخبار نے آئی سی سی پر تنقید کرتے ہوئے بھارت کے مفادات کے لیے پاکستان کو چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی سے روکنے کا الزام عائد کردیا ہے۔
برطانوی اخبار 'ٹیلی گراف' نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2025 میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کو بھارت کے مفادات کے لیے ڈھال بنایا گیا ہے، جس کی وجہ سے پاکستان کی کرکٹ کی ساکھ متاثر ہو رہی ہے۔ رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ بھارت اپنی طاقت کا استعمال کرتے ہوئے پاکستان کو فائنل کی میزبانی سے روک رہا ہے، حالانکہ پہلے ہی اس بات پر اتفاق کیا جا چکا تھا کہ فائنل پاکستان میں ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق، آئی سی سی نے پاکستان کو 2021 میں چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی دی تھی اور اس وقت اعلان کیا گیا تھا کہ تمام میچز پاکستان میں ہی ہوں گے۔ لیکن اب، صرف بھارت کو فائدہ پہنچانے کے لیے، میگا ایونٹ سے صرف دو ماہ پہلے پورے ٹورنامنٹ کی شیڈول میں تبدیلی کی گئی ہے۔ پاکستان کو ہائبرڈ ماڈل پر رضامند کیا جا رہا ہے، جس کے تحت فائنل لاہور میں ہو سکتا ہے مگر اگر بھارت فائنل میں پہنچتا ہے تو یہ میچ یو اے ای میں کھیلا جا سکتا ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ لاہور چیمپئنز ٹرافی کے فائنل کے لیے تیاری کر رہا ہے، جو کہ 1996 کے بعد پاکستان میں ہونے والا پہلا آئی سی سی ایونٹ کا فائنل ہوگا۔ تاہم، شائقین کرکٹ اور منتظمین ابھی تک یقین نہیں رکھ سکتے کہ فائنل واقعی لاہور میں ہوگا یا نہیں۔
چیمپئنز ٹرافی میں شامل دیگر سات ٹیموں کو بھی ناک آؤٹ میچز کے مقامات کی کوئی معلومات نہیں ہیں، جبکہ صرف بھارت جانتا ہے کہ اس کے میچز کہاں کھیلے جائیں گے۔ اس کے علاوہ، آئی سی سی ایونٹس میں بھارتی مفادات کے تحت کھیل کی ساکھ کو قربان کرنے کی مثالیں بھی موجود ہیں، جیسے کہ 2019 کے ورلڈ کپ میں بھارت کے ابتدائی میچز کے شیڈول۔
اس رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کو بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستان کے دورے کی اجازت کے حوالے سے مشکلات کا سامنا ہے۔ بھارتی وزیر داخلہ امت شاہ کے صاحبزادے، جے شاہ، جو بی سی سی آئی کے سیکریٹری ہیں، کی ترقی بھی اس بات کا ثبوت ہے کہ کرکٹ ایک ملک کے لیے بہت زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔
- Featured Thumbs
- https://i.imghippo.com/files/LQ3349SN.jpg