حس مزاح اچھی ہو تو زندگی آسان گزرتی ہے، یہ تصویر مزاح سے بھرپور ہے: رمیز راجہ
حکومتی بلند بانگ دعوئوں کے باوجود مہنگائی میں کمی تو نہ آ سکی لیکن بجلی کے بلوں میں بے جا ٹیکسز کی بھرمار سے عوام کا جینا محال کر دیا گیا۔ ملک بھر میں بجلی بلوں میں بے جا اضافی ٹیکسز کے خلاف احتجاج کا سلسلہ اب تک جاری ہے۔ عوام کا مطالبہ ہے کہ اشرافیہ کو دی جانے والی مفت بجلی کی سہولت کو ختم کر کے ریلیف فراہم کیا جائے۔ ایک طرف عوامی احتجاج تو دوسری طرف سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر ہر طبقہ فکر کی طرف سے ہر روز طنزومزاح سے بھرپور نت نئے ردعمل دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بجلی کے مہنگے بلوں اور سابق چیئرمین پی سی بی وکپتان قومی کرکٹ ٹیم رمیز راجہ کے بالوں کے سٹائل کو موضوع بحث بنایا گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل میم میں دیکھا جا سکتا ہے کہ معروف کمنٹیٹر کی 2 تصاویر ایک ساتھ دکھائی گئی ہیں جس میں سے ایک میں ان کے بال بکھرے ہوئے ہیں جبکہ دوسری تصویر میں ان کے بال سلجھے ہوئے ہیں۔
رمیز راجہ کی سلجھے ہوئے بالوں والی تصویر کو شمسی توانائی استعمال کرنے والے صارف جبکہ الجھے ہوئے بالوں والی تصویر کو واپڈا کی بجلی استعمال کرنے والے صارف کا عنوان دیا گیا ہے جس بجلی کے بل مہنگے ہونے پر پریشان ہے۔ میم وائرل ہونے کے بعد رمیز راجہ نے ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے اپنے پیغام میں لکھا کہ: حس مزاح اچھی ہو تو زندگی آسان گزرتی ہے، یہ تصویر مزاح سے بھرپور ہے۔
ایک سوشل میڈیا صارف نے ردعمل دیتے ہوئے لکھا کہ: یہ اچھی بات ہے کہ آپ نے اس مزاق کا برا نہیں منایا!
ایک صارف نے لکھا کہ: رمیز راجہ آپ کی سپورٹس مین شپ دیکھ کر بہت اچھا لگا کیونکہ شاید اسے بجلی کا کرنٹ لگتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے!