
مہنگائی سے تنگ عوام پر حکومت کی جانب سے ایک بوجھ ڈالنے کی تیاری کرلی گئی ہے، بجلی کی فی یونٹ قیمتوں میں بڑا اضافہ کردیا گیا ہے، مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف نے اس حکومتی فیصلے پر شدید تنقید کی ہے۔
مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ یہ تاریخ کی پہلی حکومت ہے جس کے دور میں عوام خون اپنے خلاف لوڈشیڈنگ کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔
https://twitter.com/x/status/1492445881299308547
انہوں نے مزید کہا کہ قیمتوں میں آئے روز کے اضافے کے بعد بجلی عوام کی دسترس سے باہر ہوچکی ہے ، یہ حکومت عوام سے روٹی اور دوسری ضروریات زندگی چھیننے کے بعد وہ روشنیاں بھی چھین لے گی جو نواز شریف نے لوٹائی ہیں۔
واضح رہے کہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی(نیپرا) نے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 3 روپے10 پیسے اضافے کی منظوری دیتے ہوئے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نیپرا نے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ دسمبر کے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا ہے ، تاہم نئی قیمتوں کا اطلاق صرف فروری کے مہینے کے بلوں پر ہوگا۔
نیپرا نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ نومبر کے مہینے کے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں جنوری کے بلوں میں صارفین سے4 روپے30 پیسے فی یونٹ اضافی لیے گئے، اس حساب سے دسمبر کے ایف پی اے کی مد میں صارفین پر فروری کے بلوں میں کم بوجھ ڈالا جائے گا۔
فی یونٹ قیمتوں میں اضافے کا یہ اطلاق لائف لائن صارفین اور کے الیکٹرک صارفین کے علاوہ تمام ڈسکوز کے صارفین پر ہوگا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/7maryamnepra.jpg