
پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسٹار بیٹر بابر اعظم نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی کا ایک اہم ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ یہ کارنامہ انہوں نے کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میچ کے دوران انجام دیا، جہاں پاکستان نے جنوبی افریقا کو 81 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
پاکستانی ٹیم نے جنوبی افریقا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49.5 اوورز میں 329 رنز بنائے۔ بابر اعظم نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 73 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کپتان محمد رضوان نے 80 اور کامران غلام نے 63 رنز بنائے۔
ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقی ٹیم 248 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی زبردست باؤلنگ نے حریف ٹیم کو دباؤ میں رکھا، جس کے نتیجے میں ٹیم 50 اوورز مکمل کیے بغیر شکست کھا گئی۔
اس میچ میں نصف سنچری بنانے کے بعد بابر اعظم نے دھونی کا وہ ریکارڈ توڑ دیا جو کئی سالوں سے قائم تھا۔ بابر اعظم اب جنوبی افریقا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا (SENA ممالک) کے خلاف تمام فارمیٹس میں سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے والے بیٹر بن گئے ہیں۔
بابر اعظم نے اب تک SENA ممالک کے خلاف 39 نصف سنچریاں اسکور کی ہیں، جبکہ دھونی کے کیریئر میں یہ تعداد 38 تھی۔ یہ کارنامہ بابر کے بہترین کھیل اور مستقل مزاجی کا منہ بولتا ثبوت ہے، جو انہیں دنیا کے صف اول کے بلے بازوں میں نمایاں کرتا ہے۔
بابر اعظم کے اس ریکارڈ پر شائقین کرکٹ اور ماہرین نے انہیں مبارکباد دی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ وہ اپنی بہترین کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے یہ ایک اور بڑا اعزاز ہے، جس نے عالمی سطح پر پاکستان کی کرکٹ برادری کو مزید فخر کا موقع دیا ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/12babardghoni.png