
سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ حیران ہوں کہ ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں نام شامل ہونے کے باوجود میں 17 ملکوں کا دورہ کرچکا ہوں۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یوسف رضا گیلانی نے اپنے آبائی حلقے ملتان میں ایک سیمینار سے خطاب کیا اور کہا کہ بیرون ملک جانے کی وجہ موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے منعقد کی گئی ایک بین الاقومی کانفرنس میں شرکت کی دعوت تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حیرانی کی بات ہے کہ میرا نام ای سی ایل میں موجود ہے اور اس کے باوجود میں 17 ملکوں تک جاچکا ہوں ۔
یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ ہم نے اپنے دور حکومت میں آئین کو اپنی اصل شکل میں بحال کیا ہے، صحافت پر قدغن کی مخالفت اور صحافیوں کے جائز مطالبات کی حمایت کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ 6 اکتوبر کو اسلام آباد کے بینظیر انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر یوسف رضا گیلانی کو بین الاقومی کانفرنس میں شرکت کیلئے اٹلی جانے سے روک دیا گیا تھا جس کے بعد پیپلزپارٹی نے شدید احتجاج کیا تھا۔
یادرہے کہ یوسف رضا گیلانی کا ای سی ایل میں نام 2013 میں نیب کی سفارش پر شامل کیا گیا تھا جس کے پیچھے یوسف رضا گیلانی کی جانب سے توقیر صادق کی بطور چیئرمین اوگرا تعیناتی کا معاملہ تھا، 2020 میں سپریم کورٹ نے انہیں ایک بار ملک سے باہر جانے کی اجازت دی تھی تاہم ان کا نام بدستور ای سی ایل لسٹ میں درج ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/14gillani.jpg