
لاہور میں مقیم متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی قیادت نے حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک میں تمام آپشنز کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے وفد نے لاہور میں مزار اقبال پر حاضری دی اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کی ، اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہمارے پاس تمام آپشنز کھلے ہیں کہ ہم عدم اعتماد میں کس طرف کھڑے ہوں گے، اس حوالے سے اگلے 48 گھنٹے بہت اہم ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے بانی ایم کیو ایم کو نفرت آمیز تقریر یا دہشت گردی کے الزامات پر نہیں چھوڑا تھا بلکہ ان کے پاکستان مخالف نعرے پر چھوڑا تھا، ہم پاکستان اور اس کے حکمرانوں سے شکایت تو کرسکتے ہیں مگر ملک کے خلاف نعرہ نہیں لگاسکتے۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم ایسے نظام کے حامی ہیں جس میں وسائل کے زور پر انتخابات جیتنےاور جاگیرانہ جمہوریت کا خاتمہ ہو کیونکہ ان کی موجودگی میں عام آدمی کی ایوانوں تک رسائی ناممکن ہوجاتی ہے، ہمارے خلاف منفی پراپیگنڈہ ہمارے لیے بہتر ثابت ہوا۔
انہوں نے کہا کہ جب بھی جبر کے نظام کو مسلط کرکے تبدیلی لائی جاتی ہے تو مشکلات ہمارا نصیب بن جاتی ہیں، ہم سندھ کے علاوہ ملک کے دوسرے صوبوں میں بھی کام کرنا چاہتے ہیں، دل جیتنا مقصد ہے انتخابات جیتنا نہیں۔
رہنما ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک کا سب سے بڑا مسئلہ مہنگائی ہے، اس حوالے سے وزیراعظم کو بھی سنجیدگی دکھانے کا کہا ہے، اگر حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرتی ہے تو اس کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/2mqmpakistankmghnty.jpg