کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے منگل کو ملک بھر کے فیلڈ افسران کے لیے 1087 گاڑیوں کی خریداری سمیت 32.5 ارب روپے کے خرچ سے ایف بی آر کے تبدیلی منصوبے پر عمل درآمد کے لیے پانچ سمریوں کی منظوری دی۔
معاشی معاملات کور کرنیوالے صحافی مہتاب حیدر کا کہنا تھا کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے لیے 1.317 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ اور محکمہ ڈاک کے لیے 17 ارب روپے کی ضمنی گرانٹ بھی منظور کی۔ایف بی آر کے ذرائع کے مطابق، فیلڈ افسران کی کارکردگی میں بہتری کے لیے گاڑیوں کی خریداری ضروری تھی۔
اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے فنانس ڈویژن میں کی۔
ای سی سی نے ان گاڑیوں کی منظوری دی جنہیں گریڈ 17 اور 18 تک کے فیلڈ فارمیشن افسران کے استعمال کے لیے خریدا جائے گا اور یہ صرف ان کی نقل و حرکت کے لیے استعمال ہوں گی۔ ایف بی آر کے لیے گاڑیوں کی خریداری کا تخمینہ 5.6 ارب روپے لگایا گیا ہے۔
اجلاس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے مالی سال 2024-25 کے دوران سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات اور صوبہ پنجاب میں ضمنی انتخابات کے لیے 1.317 ارب روپے کی درخواست کی گئی تھی، جسے منظور کر لیا گیا۔
ای سی سی نے ایف بی آر کے پانچ مختلف سمریوں کو بھی ایف بی آر کے ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت منظور کیا، جو پہلے وزیراعظم نے منظور کیا تھا۔ ان سمریوں میں پانچ اہم شعبوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔
اسکے علاوہ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت مواصلات (پوسٹل سروسز ونگ) کی جانب سے تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ کے لیے پیش کی گئی سمری پر غور کیا اور پاکستان پوسٹ آفس کے شراکت دار اداروں/ایجنسی پارٹنرز کے تصدیق شدہ زیر التوا واجبات کے لیے 16.995 ارب روپے کی منظوری دے دی۔