
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی(ایف آئی اے) کے ہیڈکوارٹر اسلام آباد سے کروڑوں روپے کا سامان چوری ہونے کا انکشاف ہوا ہے، چوری میں ملوث سابقہ ایف آئی اے ملازم سمیت 2 ملزمان کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایف آئی اے ہیڈکوارٹر اسلام آبادکے مال خانہ سے چوری ہونے والے کروڑوں روپے مالیت کا سامان برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے اور چوری میں ملوث سابقہ ایف آئی اے ملازم سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس کے مطابق یہ کارروائی تھانہ مندرہ پولیس نے مندرہ ٹال پلازہ پر اس وقت کی جب ملزمان کو ٹال پلازہ پر روک گیا مگر ملزمان نے فرار کا راستہ اپنایا جس پر پولیس تعاقب کے بعد ایل آر بی ٹی اسپتال کے قریب ملزمان کو روکنے میں کامیاب ہوگئی، گاڑی کی تلاشی کے دوران ایف آئی اے تھانہ سی بی سی دفتر سیکٹری جی 13 سے چرایا گیا مال برآمد ہوا جس میں 7 پارسلز، موبائل فونز، گاڑی کی جعلی نمبر پلیٹیں، سروس کارڈز و ایئر پورٹ داخلہ کا عارضی پرمٹ، شناخی کارڈز، اے ٹی ایم کارڈز اورایسی دیگر اشیاء و دستاویزات شامل تھیں۔
پولیس کی جانب سے کی گئی تفتیش کے دوران ملزمان محمد حمزہ اور سعد انور نے ایف آئی اے ہیڈکوارٹر سے گزشتہ روز سامان چوری کیے جانے کا اعتراف کیا اور اپنے بقیہ ساتھیوں کے نام بھی پولیس کو بتادیئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں سے ایک ملزم کو ایف آئی اے کی جانب سے جبری طور پر برطرف کیا گیا ہے جبکہ بقیہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے کوششیں تیز کردی گئی ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/23fiaihhhadoffcechor.png