
لاہور کے علاقے ملت پارک میں گزشتہ روز قتل ہونے والے سابق ایس پی فرحت عباس شاہ کے قتل کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق ایس پی کے قتل میں ملوث 2 خواتین سمیت 3 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے، اور حراست میں لی جانے والی خواتین میں مقتول کی بھابھی بھی شامل ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ فرحت عباس شاہ کے قتل میں ان کی بھابھی ملوث ہے، جو بیوہ ہے، اور ذاتی گارڈز بھی رکھے ہوئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق فرحت عباس شاہ بیوہ بھابھی کو ذاتی گارڈ رکھنے سے منع کرتے تھے اور اسی بات پر دونوں میں رنجش پیدا ہوگئی تھی، جس کی پاداش میں بھابھی نے ہی اپنے دیور کو قتل کرادیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور کے علاقے ملت پارک میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار نے سابق ایس پی فرحت عباس کو دن دیہاڑے ان کے گھر کے باہر فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔
سابق ایس پی فرحت عباس گھر سے نکل کر اپنی گاڑی میں سوار ہونے لگے تھے کہ اسی دوران ہیلمٹ پہنے نامعلوم موٹر سائیکل سوار نے سامنے سے اُن پر فائرنگ کی اور فرار ہو گیا، سابق ایس پی موقع پر ہی دم توڑ گئے تھے۔