اسلام آباد / تہران / واشنگٹن: مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے بعد ایران نے اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی پر عملدرآمد شروع کر دیا ہے، ایرانی میڈیا اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس پیشرفت کی تصدیق کر دی ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق جنگ بندی سے قبل ایران نے اسرائیل کے مقبوضہ علاقوں پر متعدد میزائل حملے کیے۔ اسرائیلی اخبار کا کہنا ہے کہ صرف دو گھنٹوں کے دوران ایران کی جانب سے چھٹا میزائل حملہ کیا گیا۔
ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر انچیف میجر جنرل محمد پاکپور نے جنگ بندی کے اعلان کے بعد کہا کہ ملت ایران اور شہداء کے اہل خانہ کو اس کامیابی اور فتح پر مبارکباد دیتا ہوں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دوبارہ ایران کے خلاف جارحیت کی تو سخت جواب دیا جائے گا۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واشنگٹن میں ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے تصدیق کی کہ ایران اور اسرائیل جنگ بندی پر آمادہ ہو چکے ہیں۔ ٹرمپ نے بتایا کہ جنگ بندی کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق صبح 9 بجے ہوا۔ ان کے مطابق ایران نے پہلے جنگ بندی کا عمل شروع کیا جبکہ اسرائیل 12 گھنٹے بعد اس پر عمل کرے گا۔
ٹرمپ نے اس فیصلے کو خطے کے لیے بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر یہ جنگ جاری رہتی تو برسوں تک پورا مشرق وسطیٰ تباہی کا شکار ہو سکتا تھا۔ انہوں نے کہا: "خدا اسرائیل، ایران، مشرق وسطیٰ، امریکا اور پوری دنیا پر اپنا رحم کرے۔"
سینئر ایرانی عہدیدار نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایران نے اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کی تجویز کو قبول کر لیا ہے۔
اس خبر کا ماخذ سی سی این ہے
Last edited by a moderator: