
پنجاب پولیس کے اہلکاروں نے راجن پور میں کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن سے مبینہ طور پر انکار کردیا ہے، تاہم ڈی پی او نے اس خبر کی تردید کردی ہے۔
تفصیلات کے فاروق آباد کانسٹیبلری سے راجن پور میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کیلئے جانے والے 25 پولیس اہلکار ظاہر پیر انٹرچینج کے قریب بس سے اتر گئے، اہلکاروں نے آپریشن میں شرکت سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے نقصان کے خود ذمہ دار ہیں تاہم کچے میں نہیں جائیں گے۔
پولیس اہلکاروں کے متعلقہ انچارج نے آپریشن میں شرکت سے انکارکرنے پر اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی سفارش کردی ہے۔
پنجاب پولیس نے خبروں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا سوشل میڈیا اور نجی ٹی وی چینل پر پنجاب کانسٹیبلری کے اہلکاروں کا پی سی ہیڈ کوارٹر سے واپسی پر بس سے اترنے اور کچہ میں ڈیوٹی سے انکار کے متعلق جھوٹی اور بے بنیاد خبر چلائی گئی ہے جس کی سختی سے تردید کی جاتی ہے۔ تمام اہلکار اپنی ڈیوٹی پر تندہی سے موجود ہیں اور پنجاب پولیس کچہ میں کریمنلز کے خلاف پوری طاقت سے نبردآزما ہے۔
https://twitter.com/x/status/1828832889129095528
ڈی پی او رضوان گوندل نے اس خبر کو بے بنیاد قرار دیدیا ہے اور کہا ہے کہ ضلع رحمر یار خان کے پنجاب کانسٹیبلری فاروق آباد سے واپس آنے والے تمام اہلکار اپنی ڈیوٹی پر حاضر ہیں، اہلکاروں کی غیر حاضری کی غلط خبر نشر کی گئی جس کی سختی سے تردید کرتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اہلکاروں کی ڈیوٹی سے غفلت و لاپرواہی کے متعلق محکمانہ احتساب کا عمل جاری رہتا ہے فی الوقت کوئی ملازم غیر حاضر نہیں پایا گیا،پنجاب پولیس کچے میں کریمنلز کے خلاف پوری طاقت کے ساتھ نبردآزما ہے، کچے میں عوام کی جان ومال کی حفاظت یقینی بنارہے ہیں، ریاست و قانون کی حکمرانی کو ہر صورت قائم رکھا جائے گا، کچے میں جرائم پیشہ عناصر کا خاتمہ کرکے ہی دم لیں گے۔
آئی جی پنجاب نے بھی اس معاملے پر بیان دیا اور کہا کہ اہلکاروں کا متبادل عملہ رحیم یار خان پہنچ چکا ہے، کچے میں آپریش کیلئے طلب کی گئی نفری میں سے کوئی اہلکار بھی غیر حاضر نہیں ہے۔