
اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ روس کےدوران ان کی ملک میں غیر موجودگی میں تحریک عدم اعتماد لانے پرغور شروع کردیا ہے۔
خبررساں ادارے اے آروائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے اپوزیشن کی دیگر جماعتوں کو وزیراعظم کی غیر موجودگی میں تحریک عدم اعتماد لانے کی تجویز دی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کےسربراہ مولانا فضل الرحمان اور مسلم لیگ ن کی قیادت نے تاحال اس تجویز پر حامی نہیں بھری ہے۔
تاہم اس تجویز پر مولانا فضل الرحمان کی آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو سے ہونے والی ملاقات کے دوران غور کیا جائے گا، ملاقات میں حکومت مخالف تحریک کو موثر بنانے اور پیپلزپارٹی کی اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم سے دوریوں کو دور کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اس حوالے سے پاکستان پیپلزپارٹی کےایک رہنما کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی نے تحریک عدم اعتماد کیلئے وزیراعظم کے دورہ روس کا وقت تجویز کیا ہے تاہم پیپلزپارٹی کو عدم اعتماد کے نتیجے میں اسمبلیاں تحلیل ہونے کا بھی خدشہ ہے جو پیپلزپارٹی نہیں چاہتی۔
یادرہے کہ اس سے قبل لاہور میں مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف اور آصف علی زرداری کے درمیان بھی ایک ملاقات ہوئی تھی جس میں دونوں پارٹیوں کے درمیان ورکنگ ریلیشن کو بڑھانے پر اتفاق کیا گیا تھا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/7taipdmkhanrussia.jpg