
اپوزیشن جماعتوں نے قومی اسمبلی میں بلا روک ٹوک اور پر امن طریقے سے تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کیلئے عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ متحدہ اپوزیشن کی جانب سے اس بارے میں کل اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایک درخواست جمع کروائی جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق آج درخواست دائر کرنے کیلئےمسلم لیگ ن کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اور جے یو آئی ف کے عبدالغفور حیدری اسلام آبادہائی کورٹ گئے جہاں انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے بتایا کہ پٹیشن کل عدالت کے روبرو پیش کی جائے گی۔
متحدہ اپوزیشن کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ حکومت کو اراکین اسمبلی کو عدم اعتماد کی تحریک پر ووٹنگ سے روکنے کے غیر آئینی اقدام سے منع کیا جائے۔
اس موقع پر جمیعت علمائے اسلام ف کے رہنما عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد کا فیصلہ پارلیمنٹ میں ہوگا، تاہم اس حکومت نے ایسا ماحول پیدا کیا ہے جس کےبعد اپوزیشن کو بھی اپنی تلوار نیام سے نکالنا پڑی ہے،اب اپوزیشن بغیر کسی نتیجے کے یہ تلوار نیام میں واپس نہیں رکھے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ انشااللہ سیاسی طور پر اس حکومت کو ایسی شکست دیں گے کہ یہ ہمیشہ یادرکھیں گے ، یہ حکومت اس قدر بوکھلاہٹ کا شکار ہےکہ انہوں نے پارلیمنٹ لاجز پر حملہ کردیا، وہاں موجود خواتین اراکین اسمبلی کو بھی زدوکوب کیا گیا۔
عبدالغفور حیدری نے کہا کہ عمران خان اور ان کا ٹولہ مسلسل دھمکیاں دے رہا ہے کہ اپنے اراکین کو نہ ووٹ ڈالنے سے روکا جائے گا بلکہ انہیں اجلاس میں شریک ہونے کی اجازت بھی نہیں دی جائے گی، یہ ایسے اپنے ایم این ایز کو ڈرانا چاہتے ہیں،یہ تو ریاست کے اندر ریاست کا قیام ہے اور ریاست کی رٹ کو کھلم کھلا چیلنج ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/adalat-no-cf-khan.jpg