اپوزیشن صرف عمران خان کو بددعائیں دینے پراکٹھی ہوسکتی ہے، اطہر کاظمی

athi1i11231.jpg


جیو نیوز کے پروگرام ’رپورٹ کارڈ‘ میں میزبان علینہ فاروق شیخ نے سوال پوچھا کہ کیا حکومت اتحادیوں کو ساتھ رکھنے میں کامیاب ہو گی؟ مظہر عباس نے کہا کہ اسٹیٹس کو کیخلاف سیاست کا نعرہ لگاتے کر آنے والے عمران خان خود بھی اسٹیٹس کو کی سیاست کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسٹیٹس کو کے کھلاڑیوں کے بل بوتے پر ہی حکومت بنے تو پھر وہی لوگ بارگین کا حصہ بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی گھبراہٹ واضح ہے کیونکہ اسی پریشر میں انہوں نے مونس الٰہی کو وزارت دی اسی کے پریشر میں چوہدری برادران سے دوبارہ رابطہ ہوا۔

مظہر عباس نے کہا کہ حالانکہ ایم کی ایم کے ارکان اسمبلی کے پاس دو وزارتیں ہیں مگر وہ فروغ نسیم کی وزارت کو تسلیم نہیں کرتے اور ایک مزید وزارت مانگ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ گھبرانا نہیں ہے مگر اس وقت نظر آ رہا ہے کہ وہ خود گھبرا رہے ہیں۔


حفیظ اللہ نیازی نے کہا کہ حکومت کے 24 اتحادیوں میں سے 8 ارکان اسمبلی پہلے ہی وزیر ہیں، حکومت کو بچانے کے لیے باقی تمام 16 ارکان اسمبلی کو وزیر مملکت بنانے کی تجویز بھی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کچھ بھی کر لے جو گھنگھور گھٹائیں اقتدار پر چھا چکی ہے وہ برس کر رہیں گی۔

اطہر کاظمی نے تجزیہ کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن اگر اتنی ہی پراعتماد ہے تو تحریک کیوں نہیں لاتے، کس چیز نے ان کو روک رکھا ہے ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کہتی کچھ ہے کرتی کچھ ہے ابھی بھی انہوں نے لانگ مارچ کی 2 الگ تاریخیں دے رکھی ہیں۔

اطہر کاظمی نے کہا کہ میرے خیال میں اب اگر اپوزیشن کسی چیز پر اکٹھی ہو سکتی ہے تو وہ یہ ہے کہ سارے مل کر عمران خان کو بددعائیں دیں اس کے علاوہ ان کے ہاتھ میں اور کچھ نہیں ہے۔
 

Back
Top