
خاتون اول بشریٰ بی بی کی سہیلی فرحت شہزادی المعروف فرح خان کے شوہر نے اپنی اہلیہ پر لگائے گئے تمام الزامات کی تردید کردی ہے۔ احسن جمیل گجر کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کو عمران خان کے خلاف کچھ نہ ملا تو میری فیملی کو نشانہ بنا کر نیا کیس بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ کوئی جائیداد جو میڈیا پر آئی ہو ایسی نہیں جسے ہم نے ایف بی آر میں ڈکلئیر نہ کیا ہو۔ ہم نے خود الیکشن کمیشن، گورنمنٹ اور ایف بی آر کو اپنی تمام جائیدادوں کے بارے میں بتایا ہے۔ اثاثوں میں اضافے کے الزام پر احسن جمیل کا کہنا تھا کہ ہم نے متعلقہ اداروں کو تمام منی ٹریل اور ثبوت فرام کئے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کوئی ایسا کیش ٹرانسفر بتائیں جو بینک ٹرانزیکشن کے ذریعے نہیں ہوا، یا ہم نے کوئی بلیک منی کا استعمال کیا ہو۔ ہمارے اوپر کوئی الزام نہیں ہے، بلکہ عدالتوں سے سزا یافتہ لوگ ہم بے گناہوں پر الزام تراشیاں کر رہے ہیں۔
انہوں نے ہم پر جو ڈی سیوں (ڈپٹی کمشنرز) کا الزام لگایا، کل جو بچے ڈی سی بننا چاہیں وہ کیا سوچیں گے کہ ڈی سی تین تین کروڑ میں بکتے ہیں؟ الزام لگایا گیا کوئی ڈی سی یا کمشنر چھ مہینے سے زیادہ نہیں رہ سکتا ، اگر تین تین کروڑ لے کر ڈی سی یا کمشنر لگائے جائیں تو کیا انہیں چھ مہینے کوئی بدل سکتا ہے؟
فرح خان کے شوہر نے یہ بھی کہا کہ ہم بھاگنے والے لوگ نہیں، ہم واپس آئیں گے اور الزام لگانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول اور آصف زرداری بھی ہمارے خلاف بول رہے ہیں جو خود شہید بےنظیر پر لگنے والے الزامات کی مذمت اور دفاع کرتے رہے ہیں۔
دوسری طرف فرح خان نے بھی ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں اپنے اوپر لگائے گئے تمام الزامات کی تردید کرتی ہوں۔ نہ میرا سیاست سے کوئی تعلق ہے اور نہ کبھی سرکاری کام یا معاملات میں مداخلت کی ہے۔ میرے کردار کے اوپر غلیظ کیچڑ اچھالنے والوں کی اپنی بھی بہن بیٹیاں ہیں۔ میرے بزنس کے بارے میں میرے شوہر پہلے ہی وضاحت دے چکے ہیں۔
https://twitter.com/x/status/1512192236284391447
انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ جن لوگوں کو میرے ساتھ منسوب کیا گیا ہے وہ بھی اس کی تردید کر چکے ہیں۔ میری فیملی ان الزامات کو سن کر سکتے اور صدمے کی کیفیت میں ہے۔ خدارا مجھے اور میرے خاندان کو سنی سنائی باتوں پر بدنام نہ کیا جائے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/5ahsangujjarfarahkhan.jpg