
اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ نے موجودہ سیاسی صورتحال میں ایک اہم بیان دیدیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ موجودہ اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں گی۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق آج لاہور میں مسلم لیگ ق کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس کے بعد میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے حکومتی اتحادی جماعت ق لیگ کے مرکزی رہنما چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ ہم اپنافیصلہ کرچکے ہیں بس اس پر دوستوں اور ساتھیوں سے حتمی مشاورت جاری ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف سے جلد ملاقات متوقع ہے اور یہ ملاقات کسی بھی وقت ہوسکتی ہے، تاہم وزیراعظم عمران خان کو بھی ہار نہیں ماننی چاہئے اور اپنی کوششیں جاری رکھنی چاہیے۔
چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ اگر ق لیگ اپوزیشن کے اتحاد میں شامل ہوئی تو اس کے ارکان وزارتوں سے مستعفیٰ ہوں گے، ہم ایم کیو ایم اور بلوچستان عوامی پارٹی کے ساتھ مل کر چل رہے ہیں، جہانگیر ترین گروپ کے لوگوں سے بھی بات چیت جاری ہے آئندہ 2روز میں وہ بھی ہمیں اپنی حمایت سے متعلق جواب دیں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ متحدہ اپوزیشن نے ق لیگ کو حمایت کے بدلے میں پنجاب کی وزارت اعلی دینے کا فیصلہ کرلیا ہے اور چوہدری پرویز الہیٰ کو وزیراعلی پنجاب بنانے پر اتفاق کرلیا گیا ہے۔
اس حوالے سے شریک چیئرمین پیپلزپارٹی آصف علی زرداری نے اہم کردار ادا کیا اور ق لیگ کو یقین دلایا کہ عمران خان کی مرکز اور پنجاب میں حکومت کو گھر بھیج کر پنجاب میں پرویز الہیٰ کو وزیراعلی بنایا جائے گا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/21pervaizelahiishara.jpg