
9 مئی کی سازش بیرونی طاقتوں سے مل کر تیار ہوئی جس کے ثبوت آئندہ چند دنوں میں پیش کریں گے: رہنما ن لیگ
رہنما مسلم لیگ ن میاں جاوید لطیف نے سرگودھا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ سی پیک منصوبہ شروع کرنے پر میاں محمد نوازشریف کو نااہل کر دیا گیا، ایٹمی دھماکے کرنے پر ہائی جیکر بنا کر سزا سنائی گئی۔
ملک کے قاضیوں نے ہی یہ فیصلے کیے لیکن 2014ء میں وزیراعظم، پارلیمنٹ ہائوس اور پی ٹی وی پر حملہ آور ہونے والوں کو نہیں روکا گیا۔ ماضی میں اگر قاضی درست فیصلہ کرتے تو 9 مئی (یوم سیاہ) کے پرتشدد واقعات جنم نہ لیتے۔
میاں جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آنیوالے چیف جسٹس کی خواہش ہے کہ مسلم لیگ ن کو انصاف دیں، ان کی خواہش ہے کہ وہ قانون وآئین کے مطابق کام کریں۔ 9 مئی (یوم سیاہ) کے لیے ایک سال تک ٹریننگ دی جاتی رہی اور لالچ دے کر ورغلایا گیا جبکہ ملک کے کچھ اداروں میں بیٹھے افراد نے ان کی سہولت کاری کی۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے سپریم صرف قائد مسلم لیگ ن میاں محمد نوازشریف ہیں، سارے چیف اکٹھے ہو جائیں تو ملک کو بہتر طریقے سے چلایا جا سکتا ہے۔ 9 مئی (یوم سیاہ) کے کرداروں کو سامنے لایا جائے تو 2017ء کے کردار خود بخود بے نقاب ہو جائیں گے۔ آنے والے دنوں میں پاکستان مخالف ایجنڈے کیلئے کام کرنے والوں کے ناموں کے انکشافات کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کو خط لکھ کر معاشی بحران پیدا کرنے کی کوشش کرنے والے نہیں بچیں گے۔ امپورٹڈ کون؟ غیرملکی طاقتوں کا آلہ کار وہ لوگ ہیں جنہوں نے عالمی ایجنڈے کو تقویت دی۔ میرٹ سے ہٹ کر تقرریوں سے حالات بہتر نہیں ہوتے، موجودہ آرمی چیف کا تقرر میرٹ پر کیا گیا۔ مسلم لیگ ن پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے نہیں الگ انتخابات لڑے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک کو روکنے کی سازش کی گئی تھی لیکن ملک کو دوبارہ سے ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔ 9 مئی کی سازش بیرونی طاقتوں سے مل کر تیار ہوئی جس کے ثبوت آئندہ چند دنوں میں پیش کریں گے۔ صرف ہنگامہ آرائی کرنے والوں کو پھانسی دے دینے سے مسائل حل نہیں ہو سکتے، مرکزی کرداروں کو بے نقاب کر کے سزا دی جائے گی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/17nanwnannafazisa.jpg