
ایشیا کپ ٹی 20 ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے کے کھیلے گئے میچ میں دونوں کھلاڑیوں کے مابین الجھنے کے معاملے پر پاکستان کے بیٹسمین آصف علی پر جرمانہ کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق آصف علی کو آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے لیول ون کے تحت جرمانہ کردیا گیا کیونکہ گزشتہ پاکستان اور افغانستان میچ کے دوران آصف علی اور افغانستان کے فاسٹ بولر فرید احمد میں تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا تھا۔ جبکہ اس دوران دونوں میں باڈی کنٹیکٹ بھی دیکھا گیا۔
فرید احمد نے آصف علی کو آؤٹ کرنے کے بعد غیر شائستہ زبان استعمال کی اور غیر اخلاقی اشارے کیے، جس کے بعد ردعمل کے طور پر آصف علی نے افغان بولر کی جانب بیٹ اٹھایا۔ افغان بولرز کے رویے پر امپائر اور دیگر افغان کھلاڑیوں کو بیچ بچاؤ کروانے کے لیے آنا پڑا۔ میچ کے بعد دونوں کھلاڑیوں کو میچ ریفری نے طلب بھی کیا تھا۔
امکان ظاہر کیا جارہا تھا کہ آصف علی پر میچ کی پابندی لگ سکتی ہے، تاہم آئی سی سی نے اس سلسلے میں فیصلہ سنادیا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق آصف علی آئی سی سی ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.6 کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے جبکہ افغان کھلاڑی پر آرٹیکل 2.1.12 کی خلاف ورزی ثابت ہوئی۔
کرکٹ کی عالمی تنظیم کی جانب سے دونوں کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 25 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے جبکہ دونوں کھلاڑی میچ کی پابندی سے بچ گئے۔
دونوں کھلاڑیوں نے میچ ریفری کے سامنے اپنے غلط رویوں کا اعتراف کیا تھا جس کے بعد میچ ریفری کے فیصلے کو قبول کیا ہے۔
یاد رہے کہ ایشیا کپ 2022 کے سپر فور مرحلے میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو شکست دے کر نا صرف فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا بلکہ افغانستان اور بھارت دونوں کو فائنل کی دوڑ سے باہر بھی کر دیا ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/asif-pak-vs-afg-asia-cup.jpg
Last edited by a moderator: