
تحریری طور پر معاہدہ چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین، میئر ڈپٹی میئر اور لیبر کونسل کے امیدواروں کیلئے کیا گیا : ذرائع
ذرائع کے مطابق آزاد جموں وکشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے لیے مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلزپارٹی کے درمیان اتحاد ہو گیا ہے اور دونوں سیاسی پارٹیوں کے درمیان اس حوالے سے تحریری معاہدہ بھی طے پا گیا ہے۔ معاہدے پر دستخط پاکستان پیپلزپارٹی کی طرف سے بازل نقوی، جاوید ایوب اور ن لیگ کی طرف سے سابق وزراء ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر اور افتخار گیلانی نے کیے۔
تحریری طور پر معاہدہ چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین، میئر ڈپٹی میئر اور لیبر کونسل کے امیدواروں کیلئے کیا گیا ۔
معاہدے کے مطابق مظفرآباد میں پیپلزپارٹی کا امیدوار چیئرمین ضلع کونسل اور مسلم لیگ ن کا امیدوار وائس چیئرمین کا انتخاب لڑے گا اور پیپلزپارٹی اس کی حمایت کرے گی جبکہ پیپلزپارٹی کا امیدوار کسان کونسلر کا انتخاب لڑے گا۔ میونسپل کارپوریشن کے لیے میئر مسلم لیگ ن کی طرف سے ہو گا جبکہ ڈپٹی میئر کیلئے امیدوار پاکستان پیپلزپارٹی سے ہو گا جبکہ لیبر کونسلر کے انتخاب کیلئے مسلم لیگ ن کی طرف سے امیدوار دیا جائے گا۔
دوسری طرف الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آزادجموں وکشمیر میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کیلئے ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن کے مطابق تمام لوکل کونسل کے امیدواروں کیلئے پارٹی پالیسی پر عمل ہونا ضروری ہے جسے پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے پر نااہل قرار دیا جا سکے گا جبکہ لوکل کونسل ایکٹ 1990ء کا اطلاع مخصوص سیٹ یا بالواسطہ انتخابات پر بھی ہو سکے گا۔
الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق اگر کسی سیاسی جماعت کی طرف سے مخصوص سیٹ پر کسی امیدوار کو نامزد کیا گیا ہے اور کامیابی کی صورت میں وہ امیدوار کسی دوسری سیاسی جماعتوں کے امیدوار کو سپورٹ کرے گا تو متعلقہ سیاسی جماعت کے چیئرمین یا صدر کے تحریری درخواست دینے پر ممبر کو نااہل کیا جا سکے گا، ہدایات کی گئی ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں اپنے ووٹرز کو بھی پارٹی پالیسی سے آگاہ کریں۔