آئی ایم ایف مطالبے پر شرح سود میں اضافہ،تاجررہنماؤں،معاشی ماہرین کا ردعمل

ishadaha.jpg

سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل اور تاجر برادری نے حکومت کی جانب سے شرح سود میں اضافےکے فیصلے پرردعمل دیدیا ہے، مفتاح اسماعیل نے کہا ہے حکومت کی کوئی سنجیدہ معاشی پالیسی نظر نہیں آرہی۔

تفصیلات کے مطابق نجی خبررساں ادارے جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ شرح سودمیں اضافے کے فیصلے کے بعد امید ہے کہ سب کچھ کرنے کےبعدحکومت آئی ایم ایف سے معاہدہ کرنےمیں کامیاب ہوجائے گی۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ملک کو اس وقت ایک انٹیلی جنٹ اکنامک پالیسی کی ضرورت ہے مگر حکومت کی کوئی سنجیدہ معاشی پالیسی نظر نہیں آرہی، پاکستان کے دوست ممالک عموما ہماری بڑی مدد کرتے آئے ہیں، ہمیں ملک کی مدد کرنے پر چین کا شکریہ ادا کرنا چاہیے، اس مہنگائی کے دور میں مزدور کی اجرت بڑھانی پڑے گی۔

حکومت کی جانب سے شرح سود میں اضافےکے فیصلے پر تاجر رہنما میاں زاہد حسین نے کہا کہ اس صورتحال میں ہمیں ڈالرز کی اشد ضرورت ہے۔

تاجر رہنما زبیر موتی والا نے کہا کہ شرح سود میں اضافہ کرنا آئی ایم ایف کی وجہ سے حکومت کی مجبوری تھی، تاہم امید ہے کہ یہ اضافہ عارضی ہوگا، تاہم شرح سود میں اضافے اور سبسڈی کے خاتمے جیسے فیصلوں سے ملک میں اسمگلنگ میں اضافہ ہوگا۔

خیال رہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے آج مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے شرح سود میں 3 فیصد کا اضافہ کرتے ہوئے اسے 17 سے بڑھا کر 20 فیصد کردیا ہے۔
 

Back
Top