
معروف ملٹی نیشنل آن لائن ٹیکسی سروس اوبر نے کراچی، اسلام آباد، فیصل آباد، ملتان اور پشاور میں اپنی سروسز بند کر دی ہیں۔ جبکہ اس کی مقابل کریم ٹیکسی سروس کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ اپنی وابستگی پر خوش ہے۔
تفصیلات کے مطابق منگل کے روز اوبر ٹیکنالوجیز نے اپنے صارفین کو مطلع کیا کہ وہ کراچی، اسلام آباد، فیصل آباد، ملتان اور پشاور میں اپنی سروسز بند کر رہے ہیں تاہم لاہور میں کمپنی اپنا کام جاری رکھے گی۔
اوبر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ "ہم نے Uber ایپ کو پانچ بڑے شہروں میں بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم اپنے ذیلی برانڈ کریم کے ساتھ ان پانچ شہروں مین خدمات جاری رکھیں گے اور لاہور میں Uber ایپ اور اس کی سروسز چلتی رہیں گی۔
اوبر انتظامیہ نے کہا ہے کہ وہ جانتے ہیں یہ ان کی ٹیم کیلئے ایک مشکل وقت ہے جنہوں نے کچھ ہی سالوں میں کمپنی کو اتنے بڑے پیمانے پر وسعت دینے میں مدد اور محنت کی۔ تاہم اس بندش سے ملازمین، ڈرائیوروں اور سروسز استعمال کرنے والے صارفین پر اس کے پڑنے والے اثر پر معذرت کی ہے۔
Uber کا مزید کہنا ہے کہ ان کے ڈرائیور پارٹنرز کریم کی سروس استعمال کر سکیں گے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے جب سے کریم کے ساتھ شراکت کی تھی تب سے جانتے تھے کہ دونوں کمپنیاں ملکر بہتر طریقے سے کاروبار کو آگے بڑھا سکتی ہیں۔
جبکہ کمپنی نے اپنے صارفین کو ایک ای میل کی ہے جس میں 11 اکتوبر سے ان پانچ شہروں میں اوبر کی سروس استعمال نہ کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے اور اسے کمپنی کیلئے ایک مشکل فیصلہ قرار دیا ہے۔
انتظامیہ نے اپنی ای میل میں ایک لنک بھیجا ہے جس میں کہا ہے کہ اگر وہ چاہتے ہیں کہ ان کی ذاتی معلومات کریم کے ساتھ شیئر نہ کی جائیں تو وہ یہ فارم پُر کردیں۔ کمپنی نے گزشتہ 5 سال میں اوبر استعمال کرنے اور اس کا ساتھ دینے پر صارفین کا شکریہ ادا کیا ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/uber-pakistan-closed-sr.jpg