
پاکستانی کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے معترف نظر آتے ہیں ان کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم صلاحیتوں میں ہم سے بہت آگے ہے۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں رمیز راجہ نے پاکستانی ٹیم کی بھی تعریف کی اور کہا کہ بھارت کے خلاف ہم بڑے عرصے بعد میچز جیتے ہیں جس پر یہی ٹیم تعریف کی حقدار ہے، بھارت کی ٹیم صلاحیتوں میں ہم سے بہت آگے ہے۔
انہوں نے کہا بھارت کا بیٹنگ لیول ابھی بھی ہم سے آگے ہے لیکن ذہنوں میں ایک بلاک تھا جسے کلیئر کرنا تھا اور اس ٹیم نے کم عمر کپتان بابر کی قیادت میں ایسا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم کسی کپتان کو مضبوط کریں گے تو وہ ٹیم کو آگے لے کر جاتا ہے اور اس کی اونر شپ مکمل ہوجاتی ہے۔
چیئرمین قومی کرکٹ بورڈ نے کہا کہ انہوں نے خود بھی کپتانی کی ہے، اس لیے انہیں اندازہ ہے جب تک کسی کپتان کی ڈریسنگ روم میں سلطنت قائم نہ ہو، آپ کی بات نہ ہو، اس کی ڈور کھینچی جائے، ایسا کپتان کبھی بھی ٹیم کا اعتماد حاصل نہیں کر پائے گا۔
انہوں نے کہا کہ صرف 27 سال کی عمر میں بابراعظم میچور بھی ہے اسی لیے اسے اختیار دیا ہے۔ میں لوگوں کی اس بات پر حیران ہوتا ہوں کہ بابر اور رضوان کی جگہ دوسری جوڑی کو موقع دیں، بڑی مشکل سے اوپننگ جوڑی بنتی ہے۔
چیئرمین رمیز راجہ نے کہا ماضی میں دس سے زیادہ جوڑیاں آزمائی جاتی تھیں لوگ کہتے تھے کہ پاکستانی ٹیم کے پاس اوپنرز کی جوڑی نہیں۔ اب جب ایک بہترین اوپنرز پئیر موجود ہے تو کہتے ہیں کہ ان کو اکٹھا کیوں رکھا ہوا ہے۔ کسی بھی بڑی ٹیم میں ایک بہترین وکٹ کیپر، اوپننگ جوڑی، فاسٹ باولرز سب کچھ اس وقت ہمارے پاس ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شاہین آفریدی کی عدم موجودگی میں بھی ہمارے پیسرز نے اس کی کمی محسوس نہیں ہونے دی۔ یہ ہمارےاچھے پوائنٹس ہیں، ہاں یہ درست ہے کہ مڈل آرڈر میں اس طرح کی پرفارمنس نہیں ہو رہی جو ہم چاہتے ہیں لیکن اس کے باوجود یہ زیادہ تر بہتر پرفارم کرنے میں کامیاب رہتے ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/3rajaindanaaagy.jpg