امریکی سینیٹرز کی جانب سے پیش کیے گئے بل پر خاموش نہیں بیٹھیں گے،وزیرخارجہ

3.jpg

وفاقی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی سینیٹ میں پاکستان مخالف بل پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے پر خاموش نہیں بیٹھیں گے۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ڈنمارک کے ہم منصب کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس کی اور کہا کہ افغانستان سے متعلق امریکی سینیٹرز کی جانب سے پیش کیے گئے قانون کے مسودے پر خاموش نہیں بیٹھیں گے۔


رپورٹ کے مطابق شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان سے متعلق بل کے پیچھے امریکی لابیز اور ہمارے پڑوسی ہیں، امریکی کانگریس کو افغانستان میں امن کے قیام میں پاکستان کردار کو تسلیم کرنا چاہیے، اس معاملے میں پاکستان کو قربانی کا بکرا بنانا کسی بھی طرح مسئلے کا حل نہیں ہے۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان گرین پارٹنر شپ کا معاہدہ ہوچکا ہے، جی ایس پی پلس اسٹیٹس کیلئے پاکستان کی مدد پر ڈنمارک کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

اس موقع پر ڈنمارک کے وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں ہم سب ممالک کے مشترکہ مفادات ہیں، ہم میں سے کوئی بھی نہیں چاہتا کہ افغانستان میں دہشتگرد تنظیمیں دوبارہ سے منظم ہوں۔