
سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن سے زیادہ حکومت کو اسٹیبلشمنٹ سے تعلق کی ضرورت ہوتی ہے، ہمارےتعلقات اچھے تھے پتا نہیں کب اور کیسے خراب ہوگئے۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے صحافی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اسٹیبلشمنٹ ایک حقیقت ہے، اسٹیبلشمنٹ کے پاس ہی تمام اختیارات ہوتے ہیں،اگر امریکی سائفر کے حوالے سےتحقیقات کی جائیں تو ہم اسمبلیوں میں واپس آسکتے ہیں۔
حکومت ملی تو ماضی کی غلطیاں دوبارہ نہیں دہرائیں گے، ہم پہلی بار حکومت میں آئے تھے اس لیے غلطیاں ہوئیں، معیشت کے استحکام کیلئے جامع منصوبہ بندی کررہے ہیں۔
انہوں نے موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس حکومت کی ترجیحات معیشت کی بہتری نہیں بلکہ اپنی کرپشن کیسز کا خاتمہ ہے، انہوں نے نیب کے 11 سو ارب روپے کے مقدمات ختم کروائے، کیس ختم ہوتے ہی اسحاق ڈار بھی واپسی کی تیاری کررہا ہے، ڈار کے بعد نواز شریف بھی واپس آنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
شہباز شریف اور مفتاح اسماعیل نے ملک کو بیڑہ غرق کردیا ہے، شہباز شریف نے جو تقریر کی وہ ملک کے دیوالیہ ہونے کا اعلان ہے۔
عمران خان نے کہا کہ اس وقت ملک کی معیشت اس نہج پر پہنچ چکی ہے کہ اسے دوا کےبجائے سرجری کی ضرورت ہے، مگر مفتاح اسماعیل ایک ڈسپرین سے کینسر کا علاج کرنے کی کوشش کررہا ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/3khanasembliwasishart.jpg