امریکا سے متعلق بیان پر حسینہ واجد کے بیٹےکی وضاحت

6haseennabeettwazaahat.png


بنگلہ دیش کی معزول وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے بیٹے نے والدہ کے نام سے منسوب ایک بیان کی تردید کردی ہے اور کہا ہے کہ بھارتی میڈیا نے امریکہ سے متعلق بیان کووالدہ سے منسوب کیا، والدہ نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا۔

تفصیلات کے مطابق شیخ حسینہ واجد کے بیٹے صجیب واجد نے اپنی والدہ سے متعلق بھارتی میڈیا میں رپورٹ ہونے والا امریکی سازش کے حوالے سے بیان پرردعمل دیتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنی والدہ سے بات کی ہے انہوں نے ایسے کسی بھی بیان کی تردید کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا میں نشر کیا جانے والا میری والدہ کا بیان سراسر جھوٹ اور من گھڑت مفروضات پر مبنی ہے، والدہ نے بنگلہ دیش چھوڑنے سے پہلے یا بعد میں کسی کوئی بیان نہیں دیا، میڈیا سے اپیل ہے کہ بغیر تصدیق کوئی بھی بیان جاری نا کریں، صورتحال کی کشیدگی اور نزاکت کااحساس کریں۔


خیال رہے کہ گزشتہ روز بھارتی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ سابق بنگلہ دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد مستعفیٰ ہونے سے قبل ایک تقریر کرنا چاہتی تھیں تاہم وہ صورتحال بگڑنے پر یہ تقریر نا کرسکیں اور بھارت فرار ہوگئیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت میں انہوں نے اپنے قریبی دوستوں سے اس تقریر کے مندرجات شیئر کیے جس کے مطابق بنگلہ دیش میں ان کی حکومت کے خاتمے کی سازش کے پیچھے امریکہ کا ہاتھ تھا، اگر وہ امریکی مطالبات کو تسلیم کرلیتیں تو اقتدار پر برقرار رہ سکتیں تھیں مگر انہوں نے امریکی مطالبات ماننے سے انکار کرتے ہوئےعہدے سے استعفیٰ دینے کو ترجیح دی۔