
جمعیت علمائے اسلام (فضل الرحمان) نے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے الزامات عائد کرتے ہوئے احتجاج کی کال دیدی ہے، جمعیت علمائے اسلام ف سندھ نے تمام ہائی ویز بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جے یو آئی ف کے سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے انتخابی نتائج پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس الیکشن میں تاریخ رقم کردی گئی ہے کہ قومی سطح کے لیڈران کا ہروا کر ایسے لوگوں کو جتوایا گیا جن کا حلقوں میں نام تک نہیں تھا، اس الیکشن میں مرضی کے لوگوں کو جتوایا گیا۔
انہوں نے الیکشن کمیشن کے کردار پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ عین الیکشن کے دن موبائل سروس کو بند کردیا گیا، الیکشن کمیشن اتنا بے بس کیوں تھا؟ الیکشن کمیشن اس بات پر تلا ہوا ہے کہ ملک کو منتخب حکومت نہیں بلکہ شوپیس حکومت دینی ہے۔
دوسری جانب جے یو آئی ف سندھ نے انتخابات میں مبینہ دھاندلی پر صوبے بھر میں احتجاج کی کال دیدی ہے، جے یو آئی ف سندھ کے ترجمان کے مطابق صوبے میں مختلف شہروں میں احتجاج کیا جائے گا، ضلع کورنگی ، ملیر قائد آباد سے نیشنل ہائی ویز کو بند کردیں گے، حیدر آباد میں ہٹڑی بائی پاس پر مظاہرہ کیاجائے گا، نواب شاہ میں سکرنڈ کے مقام پر ہائی وے کو بند کیا جائے گا جبکہ میرپور خاص ٹال پلازہ کو بند کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں ضلع جنوبی، غربی، کیماڑی اور ناردرن بائی پاس کو بھی بند کردیں گے جبکہ اندرون سندھ میں لاڑکانہ بائی پاس اور وگن بائی پاس پر بھی دھرنادیا جائے گا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/12fazalghfor.png