
سیاسی صورتحال پر اور عمران خان کے عام انتخابات کے متعلق بیان پر تجزیہ کرتے ہوئے تجزیہ کار ایاز امیر نے کہا کہ اگر وفاق میں شہبازشریف اور صوبوں میں ان کی حکومت ہو تو کام چل سکتا ہے۔ انہوں نے پرویز الہیٰ کو بھی مشورہ دیا کہ وہ جتنی دیر بھی وزیراعلیٰ رہیں انہیں ڈٹ کر وزارت کرنی چاہیے۔
ایاز امیر نے کہا کہ شہبازشریف کے متعلق جو خیال کیا جا رہا تھا وہ اتنے اچھے وزیراعظم ثابت نہیں ہوئے اور مفتاح اسماعیل تو مجھے کبھی کبھی جوکر لگتے ہیں۔ انہوں نے صرف پریس کانفرنس میں ہی معیشت ٹھیک کرنی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ حکومت کی کمزوری ہے اور نہ صرف حکومت وزارت خزانہ بلکہ اسٹیٹ بینک کی بھی کمزوری ہے کہ وہ قیمتوں کو بہت زیادہ اوپر جانے دے رہے ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ مفتاح اسماعیل کے ہاتھ معاشی اسٹیئرنگ وہیل پر ہیں ہی نہیں۔
تجزیہ کار نے یہ بھی کہا کہ جب پریس کانفرنس کرتے ہیں تو لگتا ہے کہ مفتاح اسماعیل دنیا کے قابل ترین وزیر خزانہ ہیں لیکن ان کی کمزور معاشی پالیسیوں کے نتیجے میں حالات مختلف ہیں۔