الیکشن اور نوازشریف کی وطن واپسی سے متعلق رانا ثناء اللہ کا دعویٰ

ranansaha.jpg


وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کی واپسی سے متعلق اہم اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ الیکشن کے اعلان کے بعد وطن واپس آکر اپنی پارٹی کو لیڈ کریں گے۔

پبلک نیوز کے پروگرام میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اگست میں جیسے ہی اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں گی، نگراں سیٹ آئے گا ، الیکشن کا اعلان ہوگا تو انشااللہ میاں نواز شریف واپس آجائیں گے۔
https://twitter.com/x/status/1664305386890072066
پی ٹی آئی کی جانب سے انتخابات کی طرف بڑھنے اور اچھےووٹ بینک رکھنے کے دعوؤں سے متعلق سوال کے جواب میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ان کا یہ مغالطہ اور خوش فہمی بھی دور ہوجائے گا، جس حادثے سے انہوں نے خود کو دوچار کرلیا ہے وہ حادثہ نا بھی ہوتا تو بھی یہ خو ش فہمی ہی تھی، جو کچھ ان کے ساتھ ہورہا ہے اور آگے ہونے والا ہے اس میں عمران خان کے علاوہ کسی کا کوئی قصور نہیں ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ کس نے انہیں کہا تھا کہ آپ کور کمانڈر ہاؤس جناح ہاؤس کو آگ لگادیں، کس نے انہیں کہا تھا کہ آپ انتقام، تکبر اور بغض میں اتنے اندھے ہوجائیں کہ شہداء کی یادگاروں کو آگ لگادیں، کس نے انہیں کہا کہ ریڈیو پاکستان کی عمارت کو آگ لگادیں، یہ سارا ان کا اپنا کیا دھرا ہے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ انہوں نے لوگوں کو پیٹرول بم بنانا سکھایا ، پورا سال ان لوگوں کی ٹریننگ کی گئی ، ان سب چیزوں کے ثبوت ہمارے پاس موجود ہیں ، ویڈیوز میں دیکھیں ، آپ کو ان کی نفرت نظر آئے گی ، یہ سب باقاعدہ منصوبہ بندی کے ساتھ کیا گیا، اب اگرقانون اس پر حرکت میں نہیں آئے گا تو ملک میں انارکی اور افراتفری پھیلی گی ، اور ایسا ہرگز نہیں ہوسکتا۔