
بانی متحدہ قومی موومنٹ الطاف حسین کی تقاریر ٹی وی چینلز پر نشر کرنے پر پابندی ہٹانے کیلئے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی ہے، درخواست گزار نے وزارت داخلہ اور پیمرا کو فریق بنایا ہے۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ درخواست کراچی کے شہری محمد شمس کی جانب سے سندھ ہائی کورٹ میں دائر کی گئی جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ میں بانی ایم کیو ایم کا فالور ہوں اور آئین مجھے ان کی تقریر سننے کا حق دیتا ہے۔
درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ بانی ایم کیو ایم پاکستان مخالف نعرے بازی پر پہلے ہی معافی مانگ چکے ہیں، لہذا ان کی تقاریر کو ٹی وی چینلز پر نشر کرنے پر عائد پابندی ختم کی جائے۔
یادرہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے 2015 میں بانی ایم کیو ایم کی تقاریر نشر کرنے پر پابندی عائد کرنے کے احکامات جاری کیے تھے، اس کے بعد 22 اگست 2016 کو کراچی میں ایم کیو ایم کے بھوک ہڑتالی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین شدید مشتعل ہوگئے اور انہوں نے ریاست مخالف نعرے بازی شروع کردی۔
بعد ازاں ایم کیو ایم کے مشتعل کارکنان نے نجی ٹی وی چینل کے دفتر پر حملہ کردیا اور عملے کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا، اس واقعہ کے ایک روز بعد پاکستان میں ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے لندن قیادت سے اظہار لاتعلقی کیا اورایم کیو ایم پاکستان کے بینر تلے سیاست کو آگے بڑھایا جس کے سربراہ فاروق ستار بن گئے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/15altaftaqreerdarkhwst.jpg