افغانستان کو چینی کی برآمد میں ریکارڈ اضافہ، ملک میں چینی مہنگی ہوگئی

Sugar.jpg


اسلام آباد: ملک میں چینی کی قیمتوں میں خاطر خواہ اضافہ دیکھا گیا ہے جبکہ افغانستان کے لیے چینی کی برآمدات میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔

جولائی 2024 سے جنوری 2025 کے دوران، رواں مالی سال کے پہلے سات ماہ میں افغانستان کو چینی کی برآمد میں حیرت انگیز طور پر اضافہ ہوا ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق، پاکستانی برآمدات میں افغانستان کے لیے چینی کا حصہ سب سے زیادہ ہے۔ اس مدت کے دوران افغانستان کو چینی کی برآمد 26 کروڑ 27 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی ہے، جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں یہ صرف 59 لاکھ ڈالر تھی۔

ذرائع کے مطابق، وفاقی حکومت نے جون سے اکتوبر 2024 تک 7 لاکھ 50 ہزار ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دی تھی، اور اکتوبر 2024 میں مزید 5 لاکھ میٹرک ٹن چینی کی برآمد کی اجازت دی گئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، ملک میں چینی کی اوسط قیمت حالیہ 10 ہفتوں میں 21 روپے 26 پیسے فی کلو بڑھ گئی ہے، جس کے بعد چینی کی اوسط قیمت 153 روپے 11 پیسے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔ اس وقت ملک میں چینی کی زیادہ سے زیادہ قیمت 160 روپے فی کلو ہے، جبکہ 10 ہفتے قبل یہ 131 روپے 85 پیسے فی کلو تھی۔
 

Back
Top