
وزیراعظم شہباز شریف مخلوط حکومت میں شامل اتحادی جماعتوں کے قائدین سے آج ملاقاتیں کریں گے جس میں فوری انتخابات اور نگراں حکومت کے معاملے پر مشاورت کی جائے گی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف آج وزیراعظم ہاؤس میں تین بڑی اتحادی جماعتوں کے قائدین سے ملاقات کریں گے، وزیراعظم کی ایم کیو ایم کے سینئر رہنما خالد مقبول صدیقی، جمیعت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور پی پی کے شریک چیئرمین آصف زرداری سے شام کو ملاقات ہوگی۔
وزیراعظم تینوں بڑی جماعتوں کے قائدین کو دورہ لندن پر اعتماد میں لیں گے اور موجودہ سیاسی و ملکی صورت حال پر تبادلہ خیال کریں گے، تینوں بڑی اتحادی جماعتوں کے قائدین سے ملاقاتوں کے بعد وزیراعظم شہبازشریف کس نتیجے پر پہنچتے ہیں فیصلہ کل ہوگا۔
وزیراعظم نے تمام اتحادی جماعتوں کے قائدین کا مشاورتی اجلاس منگل کی شام اسلام آباد میں طلب کررکھا ہے۔ شہباز شریف کی زیر صدارت اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں ملک کی موجودہ معاشی صورت حال، آئی ایم ایف سمیت دیگر معاملات کا جائزہ لے کر اتحادیوں کی حمایت و تائید سے مستقبل کا فیصلہ کیا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ فوری اسمبلیاں توڑنے کا کوئی آپشن زیر غور نہیں ہے تاہم شہباز شریف حکومت کے مستقبل سے متعلق آپشنز اور لندن دورے میں طے پانے والی چیزوں کو اتحادیوں کے سامنے رکھیں گے کیونکہ حکومت کو تجویز دی گئی ہے کہ تین سے چار مہینے کے لیے سخت فیصلے کرنا ہوں گے۔
حکومت یہ تمام فیصلے جلد بازی میں نہیں بلکہ حکمت کے ساتھ طے کرے گی، ملکی مستقبل سے متعلق ملٹری اسٹیبلشمنٹ سے بھی بات کی جائے گی علاوہ ازیں ملکی مستقبل سے متعلق نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کا اجلاس بھی متوقع ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/shehbaz-sahrif-pdm-zdr.jpg