
لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کی طرف سے شمالی اسرائیل کے قصبے سیزاریا میں وزیراعظم نیتن یاہو کی ذاتی رہائشگاہ پر ڈرون حملہ کیا گیا ہے تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاعات نہیں ہیں۔
بین الاقوامی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کی طرف سے اسرائیل کے قصبے سیزاریا میں وزیراعظم نیتن یاہو کی ذاتی رہائش گاہ پر ڈرون سے حملہ کیا گیا ہے تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاعات نہیں ہیں، حملے کے وقت اسرائیلی وزیراعظم گھر پر موجود نہیں تھے۔
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے ترجمان کی طرف سے ڈرون حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ حملہ آج صبح لبنان میں ان کی رہائشگاہ کے قریب کیا گیا تاہم حملے میں کوئی شہری زخمی نہیں ہوا۔ اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو اور ان کی اہلیہ سارہ ڈرون حملے کے وقت گھر پر موجود نہیں تھے، ڈرون حملے کی ذمہ داری اب تک حزب اللہ یا کسی اور مسلح گروپ نے قبول نہیں کی ہے۔
اسرائیلی فوج کے بیان کے مطابق لبنان سے ایک ڈرون چھوڑا گیا تھا جس نے ایک عمارت کو نشانہ بنایا تاہم فوری طور پر یہ واضح نہیں ہے کہ ڈرون حملے میں کس عمارت کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ اسرائیل کی حدود میں مزید 2 ڈرونز داخل ہوئے تھے جنہیں روک لیا گیا تھا، ایمبولینس سروس کی رپورٹ کے مطابق کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تاہم پولیس کے مطابق سیزاریا میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی تھیں۔
واضح رہے کہ لبنان میں موجود ایران کی حمایت یافتہ مزاحمتی تنظیم حزب اللہ اور اسرائیلی فوج کے درمیان پچھلے برس اکتوبر سے وقفے وقفے سے جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اسرائیلی قصبے سیزاریا میں نیتن یاہو کی ذاتی رہائشگاہ ہے جہاں پر وہ چھٹیاں گزارنے کی غرض سے جاتے ہیں، ڈرون حملے کی ذمہ داری اب تک حزب اللہ یا کسی اور مسلح گروپ کی طرف سے قبول نہیں کی گئی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/12netayaydronwj.png