
گزشتہ روز اسد عمر اور پی ٹی آئی کی سینئر قیادت پر عمران خان کی پیشی کے موقع پر ہنگامہ آرائی کا الزام لگانے والا شخص نصیر جنجوعہ کے ماضی میں ن لیگی امیدوار کی حمایت کا انکشاف ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف اسلام آباد کے رہنما عامر مغل نے نصیر جنجوعہ کی ایک ویڈیو شئیر کی ہے جس میں دسمبر 2022 میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں ن لیگ کے سابقہ ڈپٹی میئر ذیشان نقوی عرف شانی شاہ کی حمایت کا واضح اعلان کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔
نصیر جنجوعہ ایک کارنر میٹنگ میں کارکنان کی موجودگی میں یہ اعلان کرتے دکھائی دے رہے ہیں کہ ہم نے ہمیشہ شانی شاہ کا ساتھ دیا ہے اور انشااللہ ہم آگے بھی ان کا ساتھ دیتے رہیں گے۔
خیال رہے کہ نصیر جنجوعہ وہی شخص ہیں جن کا ایک ویڈیو بیان گزشتہ روز سوشل میڈیا پر سامنے آیا تھا جس میں نصیر ججو عہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کی پیشی کے موقع پر ہمیں پی ٹی آئی کی سینئر قیادت بالخصوص اسد عمر صاحب کی طرف سے یہ واضح پیغام ملا تھا کہ جو بھی سامنے آئے چاہے پولیس والے ہوں انہیں آگے نہیں بڑھنے دیا، ہم نے اس موقع پر بہت پتھراؤ بھی کیا اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا۔
نصیر جنجوعہ نے کہا کہ ہم سے یہ بہت بڑی غلطی ہوئی ہے ، ہمیں یہ سب نہیں کرنا چاہیے تھا، ہم نے اپنے ملک کا نقصان کیا ہے میں اس پر بہت شرمندہ ہوں اور میں پوری قوم سے اس معاملے پر معافی مانگتا ہوں۔