
پی ٹی آئی قیادت نے اپنے ارکان قومی اسمبلی کو اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی جانب سے اعلان کردہ استعفوں کی تصدیق کے عمل میں شامل نہ ہونے کی ہدایت کردی۔
انگریزی اخبار دی نیوز کے مطابق تحریک انصاف کی قیادت نے اپنے ارکان قومی اسمبلی کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ استعفوں کی تصدیق کے عمل کا حصہ نہ بنیں اور اس سلسلے میں ارکان اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کے لیے بھی نہ جائیں۔
تحریک انصاف کی قیادت نے پارٹی ارکان کے سامنے مؤقف اپنایا ہے کہ ہم استعفے دے چکے ہیں لہٰذا مزید کسی اقدام کی ضرورت نہیں۔
یاد رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پی ٹی آئی ارکان کو 6 جون کو استعفوں کی تصدیق کے لیے طلب کیا ہے۔ اسمبلی سیکرٹریٹ نے پی ٹی آئی کے تمام ایم این ایز کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے جنہوں نے 11 اپریل کو استعفیٰ دیا تھا۔
سپیکر نے قومی اسمبلی کے 2007 کے قواعد و ضوابط کے ضابطہ 43 کے ذیلی رول (2) کے پیراگراف (b) کے تحت ایم این ایز کو تصدیق کے عمل کیلئے بلایا ہے۔
ترجمان قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ 30 ایم این ایز کے استعفوں کی تصدیق روزانہ کی بنیاد پر کی جائے گی اور ہر رکن کو اپنے استعفوں کی تصدیق کے لیے پانچ منٹ ملیں گے۔
"حکومت کا مقصد اگلے مالی سال کے بجٹ کو پیش کرنے سے قبل 10 جون تک اس عمل کو مکمل کرنا ہے"۔
یاد رہے کہ تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے 131 اراکین قومی اسمبلی نے گزشتہ ماہ تحریک عدم اعتماد کے ذریعے عمران خان کی حکومت کے خاتمے کے بعد اس وقت کے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کو اجتماعی طور پر استعفیٰ دے دیا تھا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/imran-khan-rsgns-rd.jpg