
ملک کے معاشی بحران کے پیش نظر متعلقہ اداروں کے مابین باہمی تعاون وقت کی ضرورت : جنرل سید عاصم منیر
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر شاہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو غیرقانونی سرگرمیوں کے خلاف اپنی کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے آج سندھ کے دارالحکومت کراچی کا دورہ کیا جہاں وہ نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر کے ساتھ صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں شریک ہوئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو نظرثانی شدہ نیشنل ایکشن پلان اور صوبہ سندھ کے کچے کے علاقے میں ڈاکوئوں کے خلاف جاری آپریشن کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں ایس آئی ایف سی اقدامات پر پیشرفت اور کراچی ٹرانفارمیشن پلان بارے بھی آگاہی دی گئی۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو اجلاس میں چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور ودیگر جاری منصوبوں پر کام کرنے والے غیرملکیوں کی حفاظت اور ملک میں غیرقانونی طور پر رہائش پذیر غیرملکیوں کی ملک بدری کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ جنرل عاصم منیر کو غیرملکی کرنسی کی ریگولرائزیشن کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات بارے بھی آگاہ کیا گیا۔
آرمی چیف کا اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہنا کہ تھا قانون کا نفاذ کرنے والے ودیگر حکومتی ادارے ملک میں جاری غیرقانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھیں۔
غیرقانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں کرنے سے ملک کے وسائل چوری ہونے کے باعث ملک کو پہنچنے والے معاشی نقصانات میں کمی لائی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے معاشی بحران کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کے مابین باہمی تعاون وقت کی ضرورت ہے۔ صوبائی ایپکس کمیٹی اجلاس کے شرکاء نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے تمام ادارے، حکومتی محکمے اور عوام صوبے کی خوشحالی اور ترقی کے لیے متحد ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/11armychwikaewiana.png