
ہمارے ملک کے آدھے بچے خوراک کی کمی کا شکار ہو چکے ہیں: وزیر منصوبہ بندی
وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے آج ادارہ شماریات کا دورہ کیا اور اس دوران ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ شماریات نے مردم شماری جیسے مشکل کام کو ممکن بنایا جو یقیناً قابل تعریف ہے۔ کسی بھی ملک کی ترقی کے لیے ڈیٹا سٹریٹجک اثاثے جیسا ہوتا ہے، ملک بھر میں ادارہ شماریات کی طرف سے کی گئی مردم شماری سے حاصل کیے گئے ڈیٹا سے فائدہ اٹھانے کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ اس ڈیٹا کی بنیاد پر ہم ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں، صوبوں کو آبادی میں کمی لانے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی آبادی بڑھنے کے رحجان میں ایک بار پھر سے اضافہ ہو رہا ہے۔ ملک میں آبادی بڑھنے کی شرح 2 اعشاریہ 55 فیصد تک بڑھ چکی ہے اور ہمارے آدھے بچے خوراک کی کمی کا شکار ہو چکے ہیں۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ صوبوں کو آبادی بڑھنے کی شرح میں کمی لانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرنے کی ضرورت ہے جس سے ملک کی پیداوار میں بھی اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ ملک کے آدھے بچے خوراک کی کمی کا شکار ہو چکے ہیں جس سے ان کی ذہنی استعداد بھی متاثرہوتی ہے، ڈیٹا استعمال کرنے سے ملکی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے اور منصوبہ بندی میں مدد ملے گی اور فیصلہ سازی میں بھی مدد ملے گی۔
واضح رہے کہ ادارہ شماریات نے گزشتہ برس اگست میں 7 ویں ڈیجیٹل مردم شماری کی منظوری کیساتھ اعداد و شمار بھی جاری کیے تھے جن کے مطابق پاکستان کی کل آبادی 24 کروڑ 14 لاکھ 90 ہزار بتائی گئی تھی۔ مل کمیں آبادی میں اضافے کی شرح 2.55 فیصد جس میں سے 61.18 فیصد جبکہ شہری آبادی 38.82 فیصد بتائی گئی تھی، آبادی بڑھنے کے تناسب میں بلوچستان پہلے اور خیبرپختونخوا آخری نمبر پر تھا۔
علاوہ ازیر وزیر منصوبہ بندی کی زیرصدارت مہنگائی پر قابو پانے کیلئے اقدامات پر اجلاس ہوا جس میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کرنے کیلئے تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ احسن اقبال نے متعلقہ حکام سے کہا کہ ڈی سی ریٹ پر عملدرآمد کیلئے ایک ایپ تیار کی جائے جس سے ہر شہری کو اپنے شہر میں ڈی سی ریٹ تک رسائی ملے اور اشیائے ضروریہ کی پرائس مانیٹرنگ ڈیجیٹل طریقے سے کی جائے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/13ahsnaiqbabababdi.png