
متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظبی میں 2 مقامات پر آگ لگنے کے واقعات پیش آئے ہیں جس سے متعلق یمن کے حوثی باغیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ ان کی کارروائی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یواے ای کے دارالحکومت ابوظبی کے علاقے مصفح میں ایڈناک اورآئیکاڈ3 کے اسٹوریج ایریا میں واقع 3 فیول ٹینکرز میں اچانک آگ بھڑک اٹھی اس کے ساتھ ساتھ ابوظبی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی توسیع کیلئے تعمیراتی ایریا میں بھی ایک مقام آگ لگ گئی۔
اماراتی پولیس کے مطابق آگ پر فوری طور پر قابو پالیا گیا ہے، مصفح میں فیول ٹیکرز آگ بھڑکنے کی وجہ سے پھٹ گئے جس کے باعث 3 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہوئے ہیں، ہلاک ہونے والوں میں ایک پاکستانی جبکہ2 بھارتی شہری تھے۔
پولیس کے مطابق واقعہ کی ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ ڈرونز طیارے تھے جن کے ان مقامات پر گرنے کی وجہ سے آگ بھڑک اٹھی۔
واقعہ کے فوری بعد یمن کے حوثی باغیوں کے ترجمان نے اس کارروائی کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ یو اے ای کے خلاف باقاعدہ آپریشن شروع کردیا گیا ہے بہت جلد ان حملوں کے حوالے سے مزید تفصیلات بھی جاری کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ حملے اس وقت ہوئے جب جنوبی کوریا کے صدر مون جائے ان اور دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان کے درمیان ایک ملاقات طے تھی مگر حملوں کے فوری بعد اس ملاقات کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔