
سابق صدر مملکت آصف زرداری نے مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف کو ابھی سے وزیراعظم کہہ کر مخاطب کرنا شروع کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ گفتگو متحدہ اپوزیشن کے اجلاس کے دوران ہوئی جس کی صدارت شہباز شریف کررہے تھے، اجلاس میں سابق صدر مملکت آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری سمیت اپوزیشن کے اہم رہنماؤں نے شرکت کی۔
متحدہ اپوزیشن کا یہ اجلاس بند کمرے میں ہوا جس میں اپوزیشن رہنماؤں نے حکومت مخالف تحریک کیلئے اپوزیشن کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پراجلاس میں شریک آصف علی زرداری نے مسلم لیگ کے صدر میاں شہباز شریف کو وزیراعظم کہہ کر مخاطب کیا۔
آصف علی زرداری نے یہیں پر بس نہیں کی بلکہ ن لیگی رہنما رانا ثنااللہ کو وزیرداخلہ کہہ کر مخاطب کیا، شہباز شریف نے اس لقب پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ آپ رانا ثنااللہ کو وزیر داخلہ کہہ کر ایوان کو ڈرانے کی کوشش کررہے ہیں، اس پر اجلاس میں شریک تمام شرکاء کے قہقہے چھوٹ گئے اور لوگوں نےشہباز شریف کے برجستہ جواب پر خوب تالیاں بھی بجائیں۔
واضح رہے کہ اپوزیشن کی تمام جماعتوں نے موجودہ حکومت کے خلاف قومی اسمبلی میں عدم اعتماد پیش کررکھی ہے،اپوزیشن نے عدم اعتماد کامیاب کروانےکیلئے اپنے نمبرز پورے ہونے کا دعویٰ بھی کیا ہے، عمران خان کی حکومت کو گھر بھیجنے کےبعد اپوزیشن مسلم لیگ ن کے قائد میاں شہباز شریف کو وزیراعظم کے طور پر آگے لانے پر بھی اتفاق کرچکی ہے۔