آصف زرداری اور شہبازشریف کی ملاقات کی اندرونی کہانی

zardari-shaha.jpg

آصف زرداری کی دورہ لاہور کےد وران وزیراعظم شہباز شریف سے اہم ترین بیٹھک۔۔ملاقات کے دوران موجودہ اسمبلی کی مدت ختم ہونے کی تاریخ کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی: ذرائع

ذرائع کے مطابق وزیراعظم وصدر مسلم لیگ ن شہبازشریف اور سابق صدر وچیئرمین پی پی پی آصف علی زرداری کے درمیان لاہور میں انتہائی اہم ملاقات ہوئی ہے۔ دونوں رہنمائوں کے درمیان ہونے والی اس اہم ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال کے علاوہ آئندہ عام انتخابات، نگران سیٹ اور آئندہ کی سیاسی حکمت عملی کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ ملاقات میں آئندہ نگران سیٹ اپ میں وزیراعظم کیلئے کسی بیوروکریٹ کے بجائے سیاستدان کو لانے کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور آصف علی زرداری نے ملاقات کے دوران موجودہ اسمبلی کی مدت ختم ہونے کی تاریخ کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔ چیئرمین پی پی پی آصف علی زرداری کی طرف سے آئندہ مہینے اگست کے دوسرے ہفتہ کے دوران ختم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف نے اس حوالے سے پی ڈی ایم کے اتحادیوں کو اعتماد میں لینے کی یقین دہانی کرا دی۔

چیئرمین پی پی پی کی طرف سے وزیراعظم شہباز شریف کے بین الاقوامی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے امدادی حاصل کرنے کیلئے ان کے کلیدی کردار کو سراہتے ہوئے انہیں مبارکباد دی، وزیراعظم شہبازشریف نے ان کا شکریہ ادا کیا۔ آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے دوراقتدار میں معیشت کیلئے بچھائی گئی بارودی سرنگوں کو مل کر صاف کر رہے ہیں۔

وزیراعظم شہبازشریف نے آصف علی زرداری سے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری تمام تر توجہ ملک کی معیشت کو بہتر بنانے پر ہے۔ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے ہم ملک میں فتنے وانتشار کی سیاست کا خاتمہ کر کے سیاسی ومعاشی استحکام کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ ملک کو ڈیفالٹ کرنے والوں کے خواب صرف خواب بن کر رہ گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے آئندہ عام انتخابات بروقت کروانے پر اتفاق کیا اور کہا کہ عام انتخابات میں کسی صورت تاخیر برداشت نہیں کریں گے۔آصف زرداری اپنے دورہ لاہور میں سربراہ استحکام پاکستان پارٹی جہانگیر ترین سے اُن کے بھائی کی وفات پر تعزیت بھی کرینگے۔ لاہور قیام کےد وران پیپلزپارٹی میں تحریک انصاف چھوڑنے والے دھڑوں کی شمولیت کا بھی امکان ہے۔
 

Back
Top