
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی کے ٹرافی ٹور کے حوالے سے میزبان ملک پاکستان کے ساتھ امتیازی سلوک سامنے آیا ہے۔ کرکٹ کی عالمی گورننگ باڈی کی جانب سے پاکستان کے لیے غیر مساوی رویہ اور اس کے تمام اراکین کو یکساں اہمیت دینے کے دعوے کی قلعی کھل گئی ہے۔
آئی سی سی کے جاری کردہ اعلامیے میں میزبان ملک پاکستان، اس کے کرکٹ بورڈ (پی سی بی)، یا کسی پاکستانی عہدیدار کا ذکر شامل نہیں کیا گیا۔ اس کے علاوہ، پاکستان کے شائقین کرکٹ کو بھی اعلامیے میں مخاطب کرنا ضروری نہیں سمجھا گیا، حالانکہ ٹرافی ٹور میزبان ملک کے فینز کے لیے ایک خاص اہمیت رکھتا ہے۔
بھارتی دباؤ کے باعث آئی سی سی نے ٹرافی ٹور کے منظور شدہ شیڈول میں تبدیلی کرتے ہوئے اسکردو، ہنزہ، اور مظفرآباد جیسے مقامات کو نکال دیا، جو ٹور کے ابتدائی منصوبے کا حصہ تھے۔ اس فیصلے پر پاکستانی شائقین کرکٹ اور عوام میں شدید ناراضگی پائی جاتی ہے۔
اعلامیے میں چیمپئنز ٹرافی کی تاریخیں یا وینیوز کا ذکر بھی شامل نہیں کیا گیا، جبکہ کسی لوگو یا مواد میں پاکستان کی میزبانی کی اہمیت کو اجاگر کرنا ضروری نہیں سمجھا گیا۔ یہ اقدامات پاکستان میں کرکٹ کے مداحوں کے لیے مایوسی کا باعث بنے ہیں، جو آئی سی سی سے شفافیت اور مساوات کی توقع رکھتے ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://i.ibb.co/fV38TM1/tour.jpg