
عالمی مالیاتی ادارے(آئی ایم ایف) نے پاکستان میں موجودہ سیاسی تبدیلی کو مدنظر رکھتے ہوئے اقتصادی جائزہ پر جاری مذاکرات معطل کردیئے ہیں۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان میں نئی سیاسی حکومت کے قیام تک یہ مذاکرات معطل کیے گئے ہیں، اس حوالے سے آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ نئی حکومت کے قیام کے بعد ہونے والی بات چیت کو مدنظر رکھتے ہوئے پروگرام کو تشکیل دیا جائے گا۔
اس حوالے سے وزارت خزانہ نے ایک وضاحت جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف اور پاکستان حکومت کے درمیان ابھی بھی معلومات کا تبادلہ جاری ہے اور توسیعی فنڈ سہولت پروگرام کے تحت ہونےوالی اصلاحات پر بات چیت بھی جاری ہے۔
تاہم آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ پاکستان کےقرض پروگرام کو معطل نہیں کیا جارہا تاہم پاکستان میں نئی حکومت کے ساتھ مل کر نئی پالیسی مرتب کی جائے گی، یہ پالیسیزمائیکرواکنامک معاملات کے حوالے سے ہوں گی۔
آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ پاکستان میں نئی حکومت کی ترجیحات اور ان کی اصلاحات کے مطابق تعاون جاری رکھیں گے، آئی ایم ایف پاکستان کی سپورٹ جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہے، نئی حکومت کے ساتھ بات چیت کرکے پروگرام کو حتمی شکل دی جائے گی۔