لندن : قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ تجربہ کار محمد عامر اور وہاب ریاض کی شمولیت کے بعد پر امید ہوں کہ پاکستان کی باولنگ توقعات کے مطابق کارکردگی پیش کرے گی۔
لندن میں ورلڈ کپ میں شامل ٹیموں کے کپتانوں کی مشترکہ پریس کانفرنس میں اظہار خیال کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ورلڈ کپ کا حصہ بننا اور قومی ٹیم کی قیادت کرنا بڑے فخر کی بات ہے، عمدہ کارکردگی دکھانے کے لیے پر عزم ہیں، ٹائٹل جیتنے کی پوری کوشش کروں گا لیکن اپنے مستقبل کے بارے میں ابھی کچھ نہیں کہہ سکتا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے کھلاڑی جیت کیلئے پر عزم ہیں 92 کے ورلڈ کپ میں مشکلات کے باوجود ہمیں فتح ملی۔ پاک انگلینڈ سیریز سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا ہے ،حالیہ سیریز کے بعد فیلڈنگ سمیت دیگر کوتاہیوں پر قابو پالیا گیا ہے۔ پاکستان ٹیم میں بہترین بولنگ،فیلڈنگ اور بیٹنگ کی صلاحیت ہے اور ہم کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کیلئے تیار ہیں۔
اس موقع پر بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان کا میچ ہمیشہ عالمی توجہ حاصل کرتا ہے اور دونوں ٹیموں کو بڑے دباومیں کھیلنا پڑتا ہے تاہم ہم اپنے جوہر دکھانے کے لیے تیار ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں ویرات کوہلی نے کہا کہ پاکستان سے کھیلنا ہے یا نہیں؟ اس میں میری رائے کی کوئی اہمیت نہیں، پاکستان سے کرکٹ کھیلنے یا نہ کھیلنے کا فیصلہ بورڈ کرتا ہے۔بھارتی کپتان نے کہا کہ ورلڈ کپ ایک مشکل اور کٹھن ٹورنامنٹ ہے، ہر میچ میں بڑا اسکور آسان نہیں ہو گا۔