پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ افسران کتنی تنخواہ وصول کرتے ہیں؟

12pcbsalry.jpg

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے افسران اور اسٹاف کو دی جانے والی مراعات اور تنخواہوں کی تفصیلات سامنے آگئیں۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کا اجلاس پی ٹی آئی کے نواب شیر کی زیر صدارت ہوا جس میں پی سی بی کے اعلیٰ عہدیداران کی تنخواہوں کی تفصیلات پیش کی گئیں۔

قائمہ کمیٹی میں پیش کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق سی ای او وسیم خان 26 لاکھ ماہانہ تنخواہ وصول کر رہے تھے ۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فزیوتھراپسٹ اینڈریو ڈیکان کی تنخواہ 21 لاکھ ، ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس محمد ندیم خان 13 لاکھ 15 ہزار روپے، ہیڈ آف انٹرنیشنل پلیئرز ڈویلپمنٹ ثقلین مشتاق 12 لاکھ 77 ہزار ، چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر 12 لاکھ 45 ہزار، چیف فنانشل آفیسر جاوید مرتضیٰ 12 لاکھ 40 ہزار، چیف میڈیکل آفیسر نجیب اللہ سومرو 12 لاکھ 15 ہزار، چیئرمین سلیکشن کمیٹی محمد وسیم 10 لاکھ روپے، ڈائریکٹر ہیومن ریسورس سرینا آ غا 8 لاکھ 65 ہزار، ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ آپریشن ذاکر خان 8 لاکھ 44 ہزار اور ڈائریکٹر سکیورٹی آصف محمود کی تنخوا 6لاکھ 50 ہزار ہے۔

https://twitter.com/x/status/1478675500004528129
اس کے علاوہ سینئر جنرل منیجر آپریشنز و لاجسٹکس اسد مصطفیٰ 6 لاکھ 13 ہزار، جی ایم فنانس عتیق رشید 6 لاکھ سمیت متعدد شخصیات پانچ، پانچ لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ وصول کر رہی ہے ۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کے اراکین کی جانب سے اجلاس پی سی بی چیئرمین رمیز راجہ کی عدم شرکت پر برہمی کا اظہار کیا گیا،رمیز راجہ کو شرکت کرنی چاہیے تھی جس پر پی سی بی کے حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ چیئرمین وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کیساتھ ملاقات کے باعث کراچی میں ہیں اور پی ایس ایل کی تیاریوں کے حوالے سے ملاقات اہم تھی ۔