مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف کو اللہ نےسرخرو کردیا ہے مگر موسوی کا معافی نامہ عمران خان کیلئے ایک چارج شیٹ ہے۔
تفصیلات کے مطابق مریم نواز شریف نے یہ بیان برطانوی کمپنی براڈشیٹ کے سربراہ کاوے مساوی کی نواز شریف سے معافی پر ردعمل دیتے ہوئے دیا اور کہا کہ عمران خان نے 65 ملین پاؤنڈ خرچ کیے مگر نواز شریف پر 65روپے کی کرپشن ثابت نہیں کرسکا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو بتانا ہوگا کہ انہوں نے اپنے انتقام کی آگ ٹھنڈی کرنے کیلئے قوم کا پیسہ کس اختیار کے تحت بہایا ہے؟۔
واضح رہے کہ براڈ شیٹ کمپنی کے سی ای او کاوے مساوی نے نواز شریف پر کرپشن سے متعلق لگائے گئے الزامات واپس لیتے ہوئے معافی مانگ لی ہے۔
انہوں نےاپنے معافی نامے میں لکھا کہ احتساب کے نام پر نواز شریف کو نشانہ بنائے جانے کی کارروائیوں کا حصہ بننے پر شرمسارہوں، میں اس لیے معافی مانگنا چاہتا ہوں کیونکہ دو دہائیوں میں نواز شریف کے احتساب اور براڈ شیٹ کے فرانزک آڈٹ کے دوران نواز شریف یا ان کے خاندان پر ایک روپے کی کرپشن کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔