معاشی ترقی کتنے فیصد سے اوپر؟وزیر اعظم نے اجلاس میں بڑی کامیابی قرار دےدیا

imran-khan-pm%20meet.jpg


وزیراعظم عمران خان نے پارٹی و حکومتی ترجمانوں کے اجلاس میں معاشی ترقی کا 5 فیصد سے اوپر جانے کو بڑی کامیابی قرار دیدیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی و حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں رانا شمیم کیس، معاشی و سیاسی صورتحال سمیت بلوم برگ اور دی اکانومسٹ کی تازہ رپورٹس پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اجلاس میں ملک کی معاشی ترقی کی شرح کو 5اعشاریہ 37فیصد تک جانے کو بڑی کامیابی قرار دیا اور کہا کہ کورونا کے باوجود معاشی ترقی کی یہ شرح معاشی محاذ پر ایک بڑی کامیابی ہے۔


اجلاس میں وزیراعظم عمران خان رانا شمیم بیان حلفی کے کیس سے متعلق بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی، وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایک مافیا مل کر عدالتوں پر اثر انداز ہونےکی کوشش کررہا ہے ، ججز کو دباؤ میں لاکر من پسند فیصلے لینے کی کوشش ماضی میں بھی ہوتی رہی ہیں تاہم اس بار ایسی کسی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے عدلیہ پراعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کی عدلیہ کو دباؤ میں لانے کی تاریخ سب کے سامنے ہے۔

اجلاس میں دیگر معاملات جن میں زرمبادلہ کے بلند ترین ذخائر، ایکسپورٹس میں ریکارڈ اضافہ، 4 فصلوں کی شاندار کارکردگی اور لارج اسکیل مینوفیکچرنگ سے متعلق امور شامل تھے۔